آزمائش میں سیاسی تقسیم اجاگر،الزام تراشی کرنیوالے دوست نہیں، مراد سعید

  آزمائش میں سیاسی تقسیم اجاگر،الزام تراشی کرنیوالے دوست نہیں، مراد سعید

  

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ آزمائش کی گھڑیوں میں سیاسی تقسیم اجاگرکرنے یا الزام تراشی کا دروازہ کھولنے والے دوست نہیں ہوسکتے۔مراد سعید اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ کرونا کی صورت میں پاکستان کو ایک غیر معمولی امتحان کا سامنا ہے، وزیراعظم عمران خان نے آزمائش کی اس گھڑی میں قومی قیادت کا فریضہ سرانجام دیا ہے، وزیراعظم نے قوم کو یکجا کرکے وباء کے مقابلے کیلئے تیار کیا اور معاشرے کے غریب ترین طبقے کی نگہداشت کا بیڑہ اٹھایا۔مراد سعید نے کہاکہ آزمائش کی ان گھڑیوں میں سیاسی تقسیم اجاگرکرنے یا الزام تراشی کا دروازہ کھولنے والے دوست نہیں ہوسکتے۔مراد سعید نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ کا ہر قدم پر کبھی کھلے لہجوں اور کبھی دبے لفظوں میں وفاق کو مشق ستم بنانا باعث افسوس ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ٹیسٹنگ کٹوں سے لیکر لاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں میں مالی امداد کی تقسیم تک ہر کام وفاق کرے تو سندھ حکومت کس مرض کی دوا ہے، وزیراعلیٰ سندھ کا کام کیا محض ٹی وی پر خبرنامے اور وفاق کیلئے سپاسنامے پڑھنا ہی رہ گیا ہے، سندھ کے عوام کا وزیراعلیٰ کے ذمے حق ہے کہ مراد علی شاہ صرف اور صرف سندھ کے عوام کو وباء سے بچانے کیلئے محنت کریں۔مراد سعید نے کہاکہ سندھ میں وباء پر قابو پانے کیلئے محض عوام کو گھروں میں قید کردینا کافی نہ ہوگا، کرونا پر قابو پانے کے حوالے سے سندھ حکومت کی کارگردگی پر قوم میں تشویش جنم لے رہی ہے، وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں غریبوں کو فراہم کی جانے والے نقد رقوم اور کاروباروں کیلئے اعلان کردہ امدادی پیکیج میں بھی سندھ کا حصہ محفوظ ہے۔ مراد سعید نے کہاکہ ٹیسٹنگ کٹوں سے لیکر دیگر حفاظتی سامان بھی سندھ کو فراہم کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ وفاقی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات کی جانب آئیں

مراد سعید

مزید :

پشاورصفحہ آخر -