سندھ میں لاک ڈاؤ ن میں توسیع اور نرمی سے متعلق الگ الگ سفارشات تیار

  سندھ میں لاک ڈاؤ ن میں توسیع اور نرمی سے متعلق الگ الگ سفارشات تیار

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں توسیع اورنرمی سے متعلق الگ الگ سفارشات تیار کرلی ہیں۔وزیر اعلی ہاؤس کراچی کے ذرائع کے مطابق طبی ماہرین اور نجی و سرکاری شعبے کے ماہرین صحت لاک ڈاؤن سخت کرنے اور صنعتکار، کراچی چیمبر اور اسمال ٹریڈرز لاک ڈاؤن ختم کرنے کیلیے سندھ حکومت پر مسلسل دباؤ ڈال رہے ہیں۔ جس کے باعث صوبائی حکومت کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہورہا ہے کہ معیشت کو بچایا جائے یا انسانی جانیں۔طبی ماہرین کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے اور اگرلاک ڈاؤن نہ بڑھایاتو کورونا کا پھیلاؤ روکنا مشکل ہوگا، کورونا پھیل گیا تو طبی سہولیات کم پڑجائیں گی۔ اس کے علاوہ میئر کراچی وسیم اختر نے بھی لاک ڈاؤن میں توسیع اور راشن کی تقسیم کو منظم کرنے کی تجویز دی ہے۔وزیر اعلی ہاؤس کے ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے بھی لاک ڈاؤن میں توسیع کی تجویز نہیں۔ وفاقی حکومت نے لاک ڈاؤن کی حمایت نہیں کی تو سندھ حکومت پابندیاں نرم کرے گی، سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں توسیع اورنرمی سے متعلق الگ الگ سفارشات تیار کرلیں، جن پرغور اور حتمی فیصلہ کابینہ کے اجلاس میں ہوگا،اس سلسلے میں 13 اپریل کو صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوسکتا ہے۔دوسری جانب وزیر اعلی سندھ مرادعلی شاہ نے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال سے ٹیلی فون پر موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ کورونا سے مقابلے کا واحد حل سخت لاک ڈان ہے، مستحقین تک راشن پہنچانے کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -