طویل لاک ڈاؤن سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہو گا: محمد حسین محنتی

  طویل لاک ڈاؤن سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہو گا: محمد حسین محنتی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ طویل لاک ڈاؤن سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہوگا،کوروناوائرس ایک قدرتی آفت نجات کا واحد ذریعہ اپنے گناہوں سے توبہ اور رجوع الی اللہ ہے،الخدمت سمیت فلاحی ادارے اپنا کردار ادا کررہے ہیں مگر حکومت کا متبادل ہرگز نہیں اسلئے حکومت اپنا فرض پورا کرے، عوام کے اندر خوف کا ماحل پیدا کرنے کی بجائے امید اور حوصلہ دیا جائے، اللہ کی ناراضگی کو ختم کرنے کیلئے ملک میں جاری سودی نظام، فحاشی وعریانی،کرپشن اور ظلم وناانصافیوں کا خاتمہ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت ہسپتال مکلی میں الخدمت اور جماعت اسلامی کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع ٹھٹہ کے امیر الطاف ملاح،الخدمت کے ضلعی صدر ریاض شاہ جیلانی نے صوبائی امیر کوکوروناریلیف سرگرمیوں سے آگاہی دیتے ہوئے کہاکہ اب تک ضلع بھر میں 1484افراد میں 18لاکھ روپے سے زاید مالیت کا راشن اور پکا پکایہ کھانہ،سبزی ودیگر ضروری سامان لاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کرچکے جبکہ بلدیہ کے عملے سمیت ڈاکٹرز وپیرامیڈیکل اسٹاف میں حفاظتی لباس،ماسک اور سینٹٹائیزر بھی فراہم کرچکے ہیں، الخدمت کے تحت سب سے پہلے صفائی مہم کاآغاز،مستحق خاندانوں میں پکا پکایا کھانا فراہم کرنے کا آغاز کیا گیا جو سلسلہ تاحال مخیر حضرات کے تعاون سے جاری ہے۔ صوبائی امیر نے ضلع ٹھٹہ کے جماعت اسلامی کے کارکنوں والخدمت کے رضاکاروں کی فلاحی سرگرمیوں کی تحسین کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں بلاتفریق انسانیت کی خدمت کے کام کو رضائے الہٰی کے حصول کی خاطر لاک ڈاؤن کے خاتمے تک جاری رکھیں کیونکہ انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے، جماعت اسلامی ابتک اپنے فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن کے ذریعے لاکھوں خاندانوں تک 60کروڑ روپے سے زائد مالیت کا راشن ودیگر ضروری سامان تقسیم کرچکی ہے۔صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، ملاح اتحاد سندھ کے رہنما آدم گندرو،نائب امیرضلع غلام شفیع،جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ عبدالمجید سموں بھی اس موقع پرموجود تھے جبکہ ٹھٹھہ کے امیرعبداللہ آدم گندرو،عبدالسمیع ہالیپوتہ نے گھارو،کامل عباسی نے میرپورساکرو،محمد علی خٹک نے مکلی،مشتاق بیجارو نے بیلو سجاول کی ریلف سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی۔#

مزید :

صفحہ اول -