کورونا وائرس، پاکستان نے اپنی سرحدیں مزید دوہفتوں کیلئے بند کر دیں

کورونا وائرس، پاکستان نے اپنی سرحدیں مزید دوہفتوں کیلئے بند کر دیں

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) کورونا وائرس کیسز میں مسلسل اضافے کے پیش نظر پاکستان نے اپنی سرحدیں مزید دو ہفتے کے لئے بند کر دیں ہیں ۔

وزارت داخلہ نے تمام بارڈرز دو ہفتوں کے لئے بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے، سرحدوں کو بند کرنے کا اعلان ملک میں کورونا کا پھیلاو¿ روکنے کے لئے قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا۔پاکستان کے بھارت، ایران اور افغانستان کے ساتھ سرحدی کراسنگ پوائنٹس مزید 14 روز کے لئے مکمل بند رہیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا نے اپنے وار تیز کر دیئے ہیں اور اب تک 93 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہزار 374 پر جا پہنچی ہے ۔

پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 233 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 336 افراد میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد مریضوں کی تعداد 5 ہزار 374 ہو گئی ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید سات افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

کورونا وائرس سے اب تک ایک ہزار 95 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 44 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جن کا مختلف قرنطینہ سینٹر ز میں علاج جاری ہے ۔

کورونا وائر س سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب ہے جہاں کیسز کی تعداد 2594 تک جا پہنچی ہے جو کہ تیزی سے بڑھتی جارہی ہے ،سندھ میں 1411 ، کے پی کے میں 744 ، بلوچستان میں 230 ، گلگت بلتستان میں 224 ، اسلام آباد میں 131 اور آزاد کشمیر میں 40 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ۔

مزید :

قومی -