”بابراعظم کیخلاف عمدہ باﺅلنگ کے بعد اب میں دنیا کے کسی بھی بلے باز کا مقابلہ کر سکتا ہوں“
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز نوجوان فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ بابراعظم کیخلاف عمدہ باﺅلنگ کے بعد دنیا کے کسی بھی بلے باز کا مقابلہ کر سکتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق شاہین شاہ آفریدی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ”دنیا کے بہترین اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بہترین بلے بازوں میں سے بابراعظم میرے پسندیدہ کھلاڑی ہیں اور رواں سیزن میں جن بلے بازوں کو بھی باﺅلنگ کروائی ان میں سب سے مشکل بابراعظم ہی ثابت ہوئے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہم ہمیشہ ہی ایک دوسرے کا مقابلہ کرنے اور ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے منتظر رہتے ہیں اور یقینا اس کا فائدہ ہمیں انٹرنیشنل کیرئیر میں بھی ہو گا۔ اگر مجھے یہ معلوم ہو گا کہ دنیا کے نمبر ون بلے باز جیسا کہ بابراعظم کیخلاف اچھی باﺅلنگ کیسے کرنی ہے تو میں کسی بھی ملک سے تعلق رکھنے والے ایسے ہی بلے باز کیخلاف بھی اچھی کارکردگی دکھا سکتا ہوں۔“
شاہین شاہ آفریدی نے اپنی باﺅلنگ میں بہتری کا کریڈٹ اظہر محمود اور وقار یونس کو دیتے ہوئے کہا ”میں نے اچھی یارکرز کرانے کیلئے بہت سخت محنت کی ہے اور اس کا آغاز 2019ءمیں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈکپ کے دوران جب جہاں اظہر محمود نے میری بہت زیادہ مدد کی۔ حتیٰ کہ ورلڈکپ سے قبل میں نے وقار یونس سے مدد طلب کی کیونکہ اس وقت مجھے یارکرز کرانے میں بہت مشکل پیش آتی تھی۔ وقار یونس نے اس وقت بھی میری بہت مدد کی جگ میں ڈینگی بخار سے نجات پانے میں مصروف تھا اور اس دوران نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ٹریننگ کر رہا تھا۔“