”برائن لارا سے بہترین بلے باز اپنی زندگی میں نہیں دیکھا“
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان و چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ بلے باز برائن لارا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے اپنے دور میں ان سے بہترین بیٹسمین نہیں دیکھا۔
تفصیلات کے مطابق انضمام الحق نے کہا کہ برائن لاراا نے 16 برس پہلے آج کے دن ریکارڈ ساز اننگز کھیلی اور انگلینڈ کیخلاف 400 رنز بنا کر تاریخ میں اپنا نام درج کرایا۔ ان کے قائم کردہ ریکارڈز توڑنا بہت مشکل ہے کیونکہ 400 اور 375 رنز بنانے کا تو میں خواب ہی دیکھ سکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ برائن لارا کو ان کی پراعتماد اور بہترین سکل نے ریکارڈ ساز بیٹسمین بنانے میں اہم کردار اداکیا۔ جب لارا کا 375 رنز کا ہیڈن نے توڑا تو لارا نے کہا تھا کہ وہ اس سے زیادہ رنز بناکر دکھائے گا، یہ اس کا اعتماد ہی تھا جس نے اس کو ممکن بنایا۔انضمام الحق نے کہا کہ لارا ذہنی طورپر بہت مضبوط اور شاندار فٹ ورک کے مالک ہیں، سپنرز کو دیکھ کر لارا کی آنکھوں میں چمک سی آجاتی تھی، شین وارن جیسے شاندار باﺅلر کو بھی بڑی مہارت سے کھیلنے میں لارا کو کمال حاصل تھا۔