پاک، بھارت میچز سے متعلق کپل دیو کا انکار، شعیب اختر پھر میدان میں آ گئے، شاندار جواب دیدیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان شعیب اختر نے سابق بھارتی کپتان کپل دیو اور انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے سابق چیئرمین راجیو شکلا کی جانب سے کورونا فنڈ میں رقم جمع کرنے کیلئے پاک، بھارت میچز کی مخالفت کے بعد مزید دلائل پیش کر دئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق پاکستانی سپیڈ سٹار شعیب اختر نے متاثرین کورونا وائرس کیلئے پاک بھارت امدادی میچز کی تجویز دی تھی تاہم سابق بھارتی کپتان کپیل دیو نے اسے یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کے پاس بہت رقم ہے اور اسے فنڈز حاصل کرنے کیلئے پاکستان سے کھیلنے کی ضرورت نہیں ہے۔
شعیب اختر نے اس حوالے سے ایک بھارتی ٹی وی چینل سے بات چیت میں کہاکہ جو میں کہنا چاہتا تھا وہ کپل دیو سمجھے نہیں، یہ وقت مل کر فنڈز جمع کرنے کا ہے اور میں وسیع تناظر میں بات کررہا ہوں، آپ ایک میچ سے دنیا بھر کے شائقین کی توجہ کھینچ سکتے ہیں اور اس سے کثیر ریونیو حاصل ہوگا، کپل کہتے ہیں کہ انہیں پیسوں کی ضرورت نہیں، واقعی ایسا ہوگا مگر دوسروں کو ہے، میرے خیال میں جلد اس تجویز پر غور ہوگا۔
شعیب اخترنے کہاکہ میں پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے بھی زیادہ بھارت کے بارے میں جانتا ہوں، میں نے وہاں پر مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بہت سے لوگوں سے بات کی، مجھے لوگوں کو مشکل میں دیکھ کر افسوس ہوتا ہے، بطور انسان و مسلمان یہ میری ذمہ داری ہے کہ جس قدر ممکن ہو ان کی مدد کروں، مجھے پاکستان کے بعد سب سے زیادہ بھارت کے لوگوں نے پیار دیا۔
شعیب اختر نے مزید کہا کہ میں صرف یہ پوچھتا ہوں کہ اگر اگلے 6 ماہ تک صورتحال برقرار رہی تو پھر ہمارے پاس کیا آپشنز ہوں گے، وہ لوگ جو کرکٹ کی وجہ سے ملازم ہیں، وہ کیا کریں گے، جن کی روزی روٹی کا انحصار کرکٹ پر ہے ان کا کیا ہوگا، یہی وقت ہے کہ ہم مل کر بیٹھیں اور منصوبہ بندی کریں کہ کیسے زیادہ سے زیادہ ریونیو حاصل کرسکتے ہیں، اس کا واحد حل ایک امدادی میچ ہوگا، ممکن ہے کہ یہ مقابلہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کی وجہ بھی بن جائے، میں یہ سب کچھ وسیع تناظر میں کہہ رہا ہوں۔