فرانس کے معاملے پر پاکستان کا موقف بھرپور ہے،تشدد کا راستہ ترک کر کے حکمت عملی بنانی ہوگی،حافظ طاہر اشرفی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی مولانا طاہر اشرفی کاکہناہے کہ اسلاموفوبیا پر وزیر اعظم نے دنیا بھر میں آواز بلند کی،فرانس کے معاملے پر پاکستان کا موقف بھرپور ہے،تشدد مار دھاڑ کا راستہ ترک کر کے حکمت عملی بنانی ہوگی،تشدد بند اوراحتجاج پرامن ہونا چاہیے،جو کچھ ہورہاہے، وہ مناسب نہیں، تشدد بند ہوناچاہیے،گزارش کروں گا کہ تشدد کا رویہ ترک کرنا ہوگا، ہمیں آگے بڑھنے کےلئے سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہاکہ پرامن احتجاج سب کا حق ہے، لوگوں کو مارنا، املاک جلانا بالکل درست نہیں ،کیا تشدد سے یہ مسئلہ حل ہوگا ؟ ان کاکہناتھا کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا کسی طرح جائز نہیں،کسی قسم کا تشدد کوئی بھی کرے،قابل مذمت ہے ،ان کاکہناتھا کہ بات چیت سے معاملات کا حل نکالا جاتاہے، ہمیشہ مذاکرات اور پر امن احتجاج سے ہی مسائل حل ہوئے ہیں،تشدد کسی طرف سے بھی نہیں ہونا چاہئے،راستے بند کرنے کے بجائے پر امن احتجاج کیاجاتاہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہاکہ مظاہرین کو سوچنا چاہئے کہ لوگوں کو مشکلات پیش آرہی ہیں، راستے بند کردیے جائیں گے تورمضان کی خریداری کرنے والے کہاں جائیں؟،حافظ طاہر اشرفی نے کہاکہ آکسیجن سلنڈر کئی ہسپتالوں میں ختم ہورہے ہیں،راستے کھولنے چاہئیں،بات چیت کرنی چاہیے،اگر کوئی مریض اس وجہ سے انتقال کرگیا تو ذمے دارکون ہوگا؟انہوں نے کہاکہ قوم دیکھے اور سمجھے ، پاکستان مشکل سے آگے کی طرف چلنا شروع ہوا، ان حالات میں پاکستان میں وحدت اور اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔