سی ٹی ڈی بلوچستان کی کارروائی،کالعدم تنظیم کے چار دہشتگرد ہلاک
بولان(ڈیلی پاکستان آ ن لائن ) کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) بلوچستان کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے چار دہشتگرد مارے گئے۔
نجی ٹی وی جیو نیوزکے مطابق سی ٹی ڈی بلوچستان نے بولان کے علاقے آگ گم میں کالعدم تنظیم کے ارکان کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ ماراہے جہاں فائرنگ کے نتیجے میں چار دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی کاکہناہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں اکرم زہری، احمداللہ، سکندر اور شادی خان شامل ہیں،دہشتگرداکرم زہری کا نام انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست میں شامل تھا،اور اس کے سر کی قیمت 50لاکھ مقرر تھی۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی اور داعش سے تھااوروہ کوئٹہ میں حساس تنصیبات پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنارہے تھے۔ کارروائی کے د وران اسلحہ اور2موٹرسائیکلوں سمیت دستاویزات بھی برآمد ہوئے ہیںجبکہ دہشتگردوں کے 3ساتھی پہاڑوں کا فائدہ اٹھاکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔