مرتضیٰ جاوید عباسی اور معاون خصوصی سردار شاہجہان یوسف کا دورہ پشاور
پشاور(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سردار شاہجہان یوسف نے بدھ کے روز پشاور کا دورہ کیا۔اس موقع پرچیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے وفاقی وزرا کو صوبے میں رمضان المبارک میں مفت آٹے کی تقسیم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔اسی طرح صوبے میں گندم و آٹے سمیت چینی کی دستیابی بھی اجلاس میں زیر غور لائی گئی۔بعد ازاں وفاقی وزیر اور معاون خصوصی نے چیف سیکرٹری کے ہمراہ پشاور میں آٹا ڈسٹری بیوشن پوائنٹس کے دورے بھی کئے۔ جہاں پر انہوں نے آٹے کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا اور وہاں پر موجود افراد سے آٹے کے حصول میں حائل مشکلات بارے میں دریافت کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں 19 ارب 77 کروڑ روپے کی سبسڈی سے 57 لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں کو مفت آٹا فراہم کیا جارہا ہے۔ہر مستحق خاندان کو 10 کلو آٹے کے تین تھیلے دئیے جارہے ہیں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ مستحق خاندانوں کو مفت آٹے کی فراہمی جاری ہے۔ رمضان پیکج سے صوبے کی 91 فیصد آبادی مستفید ہو گی۔چیف سیکرٹری نے بتایا کہ آٹا فراہمی کا عمل ایپ کے ذریعے ممکن بنایا جارہا ہے۔ ٹیکنالوجی کے استعمال سے تمام عمل میں شفافیت کا عنصر برقرار رہے گا۔ انتظامی افسران خود تمام عمل کی نگرانی کررہے ہیں اور مفت آٹے کے لئے آنے والے شہریوں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ اس طرح آٹے کی تقسیم کو سہل بنانے کیلئے سات ہزار سے زائد ڈسٹری بیوشن پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر اور معاون خصوصی نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لئے رمضان المبارک میں اقدامات قابل تحسین ہیں مفت آٹے کی تقسیم کو کامیابی سے مکمل کیا جائے تاکہ تمام مستحقین تک آٹا پیکج آسانی کے ساتھ منظم انداز میں پہنچ سکے۔ اس موقع پر سیکرٹری خوراک، کمشنر و ڈپٹی کمشنر پشاور سمیت دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے۔