گورنرسندھ کا 21ویں سحری کیلئے بلدیہ آمد پر شاندار استقبال
کراچی (سٹاف رپورٹر)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری21 ویں سحری کے لئے بلدیہ ٹاؤن پہنچے تو عوام نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ گورنر سندھ نے لوگوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل معلوم کئے۔گورنر سندھ نے کہا کہ روزانہ عوام سے ملاقات کے لئے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں جا رہا ہوں کیونکہ یہاں کی آبادی کے مسائل بے شمار ہیں، انہیں حل کیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام حکمرانوں کو اپنے درمیان دیکھنے کے خواہش مند ہیں،مجھے پتہ ہے بلدیہ ٹاؤن میں مسائل کے انبار ہیں، یہاں جتنے بھی مسائل بتائے گئے ہیں، ان سے متعلقہ اداروں کو آگاہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا مسئلہ پورے شہر کا ہے، اسی لئے ایم ڈی واٹر بورڈ سے کوآرڈینشن کے لئے کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ کا سلسلہ شروع کیا تھا،میری ہر بات پر اعتراض کرنے والوں سے کہتا ہوں کہ عوام میں آئیں، جب عوام میں آئیں گے تو انہیں ان کے مسائل کا اندازہ ہوگا، تنقید کرنے والے اپنا کام کریں، میں عوام میں جانا نہیں چھوڑوں گا۔ بعد ازاں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری جامعہ الصفہ بلدیہ ٹاؤن گئے اور جامعہ الصفہ میں تقسیم راشن کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ مہنگائی کے دور میں مستحقین کے لئے اس طرح کی تقریب کا انعقاد قابل تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ غریب لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اس ضمن میں مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ بھی اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نظام بنانے کی کوشش کررہے ہیں کہ جس سے غریب طبقہ کی پریشانیوں میں کمی واقع ہو، حکومت کی توجہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی طرف مرکوز ہے۔
کراچی (سٹاف رپورٹر)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کی ڈاکٹر عاصم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جاری صورتحال، شہر کے درپیش مسائل، اسٹیک ہولڈرز سے مشاوت سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنرسندھ نے کہاکہ ضیا الدین اسپتال شہر میں صحت کی جدید سہولیات میں اہم کردار ادا کررہا ہے ہمیں اسی وژن کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا اس ضمن میں شہر کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی کررہا ہوں تاکہ شہر کے دیرینہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی سحری عوام کے درمیان کرنے سے ان کے مسائل سے آگاہی ملتی ہے اور اس وقت شہر کے مسائل بہت گھمبیر دکھائی دیتے ہیں جس کے حل کے لئے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ گورنرسندھ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں شہر کے مسائل کے حل کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا خوش آئند بات ہے۔