نویں پاکستان پریمیئر فٹ بال لیگ 5 ستمبر سے شروع ہوگی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام نویں پاکستان پریمیر فٹ بال لیگ 2012 (پی پی ایف ایل )کا آغاز 5 ستمبر سے ملک بھر میں ہو رہا ہے، یہ لیگ پاکستان کے آٹھ شہروں میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے کراچی، کوئٹہ، نوشکی، چمن، فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد کو اس لیگ کے لیے نامزد کیا ہے۔ ان شہروں کے سٹیڈیم یا گراﺅنڈ کا فیصلہ پی ایف ایف کی گراﺅنڈ انسپکشن ٹیم کرے گی۔ پی پی ایف ایل میں 16 ٹیمیں حصہ لے رہیں ہیں جن میں خان ریسرچ لیبارٹری (کے آر ایل)، افغان ایف سی چمن، پاکستان آرمی، واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا)، کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے ای ایس سی)، مسلم ایف سی چمن، پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے)، نیشنل بنک آف پاکستان (این بی پی)، حبیب بنک لمٹیڈ(ایچ بی ایل)، نیوی، پاکستان ائیر فورس (پی اے ایف)، کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی)، بلوچ ایف سی نوشکی ، پی ایم سی اتھیلٹیکو ایف سی فیصل آباداور بی ڈویژن لیگ کی دو ٹاپ کی ٹیمیں زرعی ترقیاتی بنک (زیڈ ٹی بی ایل )اور ووہیب ایف سی لاہور کی ٹیمیں شامل ہیں، واضح رہے کہ لیگ 30 دسمبر تک جاری رہے گی۔