ضمنی انتخابات : فوج متعین کرنے کا مطالبہ

ضمنی انتخابات : فوج متعین کرنے کا مطالبہ

  

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ ضمنی انتخابات میں پولنگ سٹیشنوں پر فوجی متعین کئے جائیں، ان کی طرف سے یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ صوبائی حکومت ضمنی انتخابات میں دھاندلی کر رہی ہے اور اب تک کئی بے ضابطگیاں کی جا چکی ہیں، اس سے قبل عمران خان نے عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگایا اور چار قومی حلقوں کی نشان انگوٹھا کی بنیاد پر گنتی اور پڑتال کا مطالبہ کیا ہوا ہے۔ اب ضمنی انتخابات 22اگست کو ہونا ہیں جس کے لئے ابتدائی مراحل مکمل ہو چکے اور اب پولنگ ہونا ہے۔ اس دوران انتخابی مہم شروع ہو گئی ہے۔ عمران خان کے علاوہ سندھ سے ایاز سومرو نے بھی ایک دیہی نشست پر ہونے والے صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخاباب کے لئے فوج متعین کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔عمران خان نے مطالبہ کیا تو اس کی وجہ یہ ہے کہ زیادہ تر ضمنی انتخابات پنجاب میں ہو رہے ہیں اور ان کو مسلم لیگ ن سے شکایات ہیں لیکن ایاز سومرو نے مطالبہ کیا ہے تو وہ سندھ کی صوبائی اسمبلی کی نشست کے حوالے سے ہے۔ جہاں خود ان کی اپنی پارٹی برسر اقتدار ہے۔ دھاندلی کا الزام تو عموماً برسر اقتدار جماعت کے خلاف لگایا جا تا ہے۔ یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ نشست پیپلزپارٹی کی ہے جوعرصہ سے چلی آ رہی ہے اور اب بھی یہ پیپلزپارٹی ہی کی ہو گی تحریک انصاف نے بھی الزام کے ساتھ ہی یہ بھی دعویٰ کر دیا ہے کہ اس بار دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔ دو مختلف سیاسی جماعتوں کے مطالبے اور الزام کی روشنی میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ یہاں جمہوریت کا نام تو لیا جاتا ہے لیکن جمہوری اصولوں پر عمل نہیں کیا جاتا ایک طرح سے دیکھا جائے تو موجودہ جمہوری تسلسل 2002ءسے تو چلا آ رہا ہے اور پچھلی دونوں اسمبلیوں نے اپنی اپنی معیاد پانچ سال پوری کی تھی، سیاسی جماعتیں عوام کی راہنمائی کے لئے ہوتی ہیں۔ ان کو تو اخلاقی ضابطوں کا بہت زیادہ خیال رکھنا چاہئے۔ اگر سیاسی جماعتیں خود ہی ضابطہ اخلاق کی پابندی کر لیں تو نتائج بہتر ہو سکتے ہیں۔ بہرحال مطالبہ الیکشن کمیشن سے ہے اوراسے حالات کے مطابق فیصلہ کرنا چاہئے کہ غیر جانبدار اور آزاد و خود مختار الیکشن کمیشن کو شفاف انتخابات یقینی بنانا چاہئیں۔22اگست کو قومی اور صوبائی نشستوں کے انتخابات ہیں جو چاروں صوبوں میں ہونا ہیں۔ اس لئے الیکشن کمیشن کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا چاہئے۔

مزید :

اداریہ -