انتہا پسندوں نے نئی دہلی اور ممبئی میں پی آئی اے کے دفاتر کونشانہ بنانے کی دھمکی دیدی
نئی دہلی اسلام آباد ( آئی این پی) بھارت کے شہروں نئی دہلی اور ممبئی میں انتہا پسندوں نے پی آئی اے کو دھمکیاں دی ہیں جس کے بعد پاکستان نے بھارتی حکومت سے پی آئی اے کے دفاتر کی سیکورٹی سخت کر نے کا مطالبہ کر دیا۔ پیر کو بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے نئی دہلی اور ممبئی میں پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز(پی آئی اے) کے عملے کو دھمکیاں دی گئی ہیں جس کے باعث عمل میں شدید خوف و ہراس پیدا ہو گیا ہے جبکہ انتہا پسندوں کی جانب سے پی آئی اے کے دفاتر کو نقصان پہنچائے جانے کا خدشہ ہے جس پر پاکستان نے بھارتی حکومت سے پی آئی اے کے دفاتر کی سیکورٹی انتہائی سخت کر نے کی درخواست کی ہے اور کہا ہے کہ بھارتی حکومت پی آئی اے کے دفاتر کی سخت سیکورٹی کے لیے اقدامات اٹھائے اور عملے کو مکمل تحفظ فراہم کرے اور اس حوالے سے اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کرے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ نئی دہلی میں پی آئی اے کے دفتر کو دھمکیاں ملی ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت کو دلی اور ممبئی میں پی آئی اے کے دفاتر اور عملے کی سیکیورٹی یقینی بنانے کا کہا گیا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایاکہ پاکستان کے ہائی کمیشن نے بھارتی وزارت خارجہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے دوسری جانب بھارتی ٹی وی چینل کے مطابق وزارت امور داخلہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بھارت میں قائم پی آئی اے کے دفاتر اور عملے کو ہر ممکن سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔(اح+ن ق)