پنجاب حکومت کا ضلعی سطح پر تعمیر ومرمت کیلئے قائم ڈسٹرکٹ سیٹ اپ ختم کرنیکافیصلہ

پنجاب حکومت کا ضلعی سطح پر تعمیر ومرمت کیلئے قائم ڈسٹرکٹ سیٹ اپ ختم ...

  

لاہور(شہباز اکمل جندران//انویسٹی گیشن سیل ) پنجاب حکومت نے صوبے میں ضلعی سطح پر سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر و مرمت کے لیے قائم ڈسٹرکٹ سیٹ اپ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے تحت اضلاع میں ای ڈی او ورکس اینڈ سروسز اور روڈز و بلڈنگز کے ڈسٹرکٹ افسروں کے عہدے ختم ہوجائینگے۔حکومتی فیصلے سے پرکشش سیٹوں پر تعینات ای ڈی او روکس اینڈ سروسز اور ڈی اوز میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی۔معلوم ہوا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے کے نئے بلدیاتی قانون کے تحت ضلعی سطح پر قائم ای ڈی او ورکس اینڈ سروسز اور ڈی او بلڈنگز و ڈی او روڈز کے عہدے اور سرکاری عمارتوں و سٹرکوں کی ضلعی سطح پر تعمیر و مرمت کا نظام ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں فنانس ڈیپارٹمنٹ نے سی اینڈڈبلیو پنجاب سے صوبے میں ای ڈی او ورکس اینڈسروسز ، ڈی او بلڈنگز و روڈز اور کی سیٹوں ،ان کے ماتحت سٹاف ، تنخواہوںاور فنڈز کے علاوہ دیگر تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ذرائع کے مطابق شہروں کے اندر چھوٹی سطح پر سٹرکوں اور سرکاری عمارتوں کی تعمیر و مرمت کے لیے ای ڈی او ورکس اینڈ سروسز کی سربراہی میں ضلعی سیٹ اپ 2002سے مشرف دور میں شروع کیا گیا۔جس کے بعد ای ڈی او ورکس کے عہدے پر بڑے شہروں میں محکمہ مواصلات وتعمیرات کے چیف انجنئیروں کو چھوٹے شہروں میں سپرنٹنڈنٹ انجنئیروں کو تعینات کرنے کا سلسلہ شروع کیاگیا ۔جبکہ ڈی اوز کے عہدوں پر ایکسئننز اور ڈی ڈی اوز کے عہدوں پر ایس ڈی اوز کو تعینات کیا جانے لگا۔لیکن ایک عشرے سے بھی زائد قائم اس نظام کے تحت ای ڈی او ز اور ڈی اوز وغیرہ تسلی بخش کارکردگی کا مظاہر ہ کرسکے ۔ اور یہ عہدے کرپشن و بدعنوانی کا مرکز بن گئے۔ یہی وجہ تھی کہ سی اینڈڈبلیو کے بدنام زمانہ انجنئیر مختلف شہروں میں ای ڈی او ر روڈز و بلڈنگز کے شعبوں میں ڈی او تعینات ہونے کے لیے نہ صرف سفارش استعمال کرتے بلکہ کھلے عام رشوت بھی دیتے رہے۔ معلوم ہوا ہے کہ صوبائی حکومت کی طرف سےضلعی سطح پر سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر و مرمت کے لیے قائم ڈسٹرکٹ سیٹ اپ ختم کرنے کے فیصلے کے بعد ای ڈی او روکس اینڈ سروسز اور ڈی اوز کےءپرکشش عہدوں پر تعینات انجنئیروں میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اور انہوں نے اپنے ً معاملات ً درست کرنے کی کوششیں شروع کرنے کے ساتھ ساتھ نئی جگہوں پر پوسٹنگ کے لیے بھی کوششیں شروع کردی ہیں۔اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے سی اینڈڈبلیو پنجاب کے ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں سرکاری عمارتوں اور سٹرکوں کی ضلعی سطح پر تعمیر و مرمت کے سیٹ اپ کو ختم کرنے جارہی ہے۔ اور ایسا نئے بلدیاتی قانون کے تحت ہوسکتا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -