فوج کو کنٹرول لائن پر ہر کاروائی کی اجازت دیدی :بھارتی وزیردفاع

فوج کو کنٹرول لائن پر ہر کاروائی کی اجازت دیدی :بھارتی وزیردفاع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) بھارتی فوج کی طرف سے پاکستانی علاقوں پر بار بار گولہ باری سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے، بھارت نے اپنی فوج اور پاکستان نے رینجرز کو چوکس کر دیا ہے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بھی تیز ہو گئی ہے اور بھارت کی طرف سے اشتعال انگیز رویہ سامنے آیا ہے گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے گولہ باری کی جس سے ایک دیہاتی شہید اور دو زخمی ہو گئے پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی سے دشمن کی توپیں خاموش ہو گئیں تاہم متعدد سیکٹروں میں کئی گھنٹے فائرنگ کا تبادلہ ہوا کل شام نارووال کے قریب بجوات سیکٹر میں بھی گولہ باری کی جس سے ایک شخص زخمی ہوا۔ اُدھر بھارتی وزیر دفاع اے کے انتھونی نے کوچی میں ملکی سطح پر تیار کئے گئے بحری جہاز کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کو الرٹ کردیاگیا ہے اور کنٹرول لائن پر صورتحال سے نمٹنے کے لئے کسی بھی کارروائی کی اجازت دے دی گئی ہے، اسے آزادی دی گئی ہے کہ وہ جو بھی مناسب سمجھیں کرے۔ دریں اثناءبھارتی وزارت دفاع کے ترجمان ایس این اچاریہ نے الزام لگایا ہے کہ کنٹرول لائن پر ضلع پونچھ کے علاقوں بالا کوٹ ، مینڈھر، درگابٹالین، ڈیگوار اور منکوٹ میں گیارہ بھارتی چوکیوں پر مارٹر گنوں سے گولہ باری اور چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی جبکہ راکٹ بھی برسائے مگر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، بھارتی فوج نے بھی جوابی کارروائی کی اور درگاہ کے علاقے میں فریقین کے درمیان ساڑھے چار گھنٹے تک فائرنگ جاری رہی۔ اسلام آباد میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے راولا کوٹ میں بھارتی فوج کی گولہ باری سے انسانی جانوں کے ضیاع پر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیاگیا۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کی طرف سے فائر بندی کی مسلسل خلاف ورزی پر تشویش ہے، بھارت 2003ءکے فائر بندی معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائے اور ایسا لائحہ عمل تیار کیا جائے کہ ایسے واقعات دوبارہ نہ پیش آئیں۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بتایاگیا کہ بھارت کی طرف سے ورکنگ باﺅنڈری اور کنٹرول لائن کی خلاف ورزیوں سے قیام امن کا عمل متاثر ہورہا ہے اور بھارت کو احساس ہونا چاہیے کہ پاکستان تحمل اور ذمہ داری کامظاہرہ کررہا ہے۔ آئی این پی کے مطابق بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی اور بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاکستان نے منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے اور لاہور، سیالکوٹ سیکٹر میں پاک رینجرز کو الرٹ کردیاگیا ہے پیر کو عسکری ذرائع نے بتایا کہ بھارتی فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور پاک فوج بھارت جارحیت کا منہ جوڑ جواب دے رہی ہے۔ معاملہ کی سنگینی کے پیش نظر ڈی جی رینجرز اور بی ایس ایف کے کمانڈر میں ہاٹ لائن پر رابطہ بھی ہوا ہے، ذرائع کے مطابق بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے لاہور اور سیالکوٹ سیکٹر میں پاک رینجرز کو الرٹ کردیاگیا ہے جبکہ جوانوں کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ اے کے انتھونی نے کہا ہے کہ بھارت کے تحمل اور صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے‘بھارتی فوج کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے ‘لائن آف کنٹرول پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے فوج کوئی بھی قدم اٹھانے کے لئے آزاد اور تیار ہے‘صورتحال پر راست اقدام کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کو اپنی بحریہ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے اور طیارہ بردار بحری جہاز کے بیڑے میں شامل ہونے سے بھارتی نیوی کا شمار دنیا کی مضبوط ترین بحریہ میں ہوگا۔

مزید :

صفحہ اول -