سندھ میں کر یکر حملے، 5 افراد جاں بحق، 40 زخمی، یوم آزادی پر دہشت گردی کا خدشہ

سندھ میں کر یکر حملے، 5 افراد جاں بحق، 40 زخمی، یوم آزادی پر دہشت گردی کا خدشہ
سندھ میں کر یکر حملے، 5 افراد جاں بحق، 40 زخمی، یوم آزادی پر دہشت گردی کا خدشہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں دستی بموں، کریکر حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد افراد زخمی ہو گئے جبکہ یوم آزادی کے موقع پر بھی دہشت گردوں کے حملوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے کراچی کے علاقے کریم آباد میں عائشہ منزل کے قریب جماعت خانے پر دستی بم سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور بچہ جاں بحق جبکہ 26 افراد زخمی ہو گئے۔ میٹروول سائٹ میں کریکر دھماکے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکوں میں زخمی ہونے والے 40 افراد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال لایا گیا ہے۔ دوسری جانب حیدر آباد میں حیدر چوک پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جس میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد حیدر آباد میں لطیف آباد، حیدر چوک، لبرٹی چوک اور صدر بازار میں بھی کریکر حملے ہوئے تاہم ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق لاڑکانہ کے مختلف علاقوں میں بھی پانچ کریکر دھماکے ہوئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دادو کے علاقے نیو چوک میں بھی دستی بم سے حملہ کیا گیا تاہم یہاں بھی کوئی نقصان نہیں ہوا۔ محراب پور میں بھی دھماکے کئے گئے اور فائرنگ بھی ہوئی جس کے بعد شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ اندرون سندھ میں مختلف مقامات پر ریلوے لائن پر کریکر دھماکے کئے گئے ہیں تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ دوسری جانب وزارت داخلہ نے یوم آزادی کے موقع پر تقریبات میں دہشت گردی کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے سخت سیکیورٹی کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔