پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی میں پروفیشنل افراد کا تقررکیاجائے
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی میں پروفیشنل اور بہترین صلاحیتوں کے حامل افراد کا تقرر عمل میں لائے تاکہ اس ادارے کو حقیقی معنوں میں فعال بنایا جاسکے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبرکے سابق نائب صدر اور چیئرمین پاک انڈیا ٹریڈ پروموشن کمیٹی کے چیئرمین آفتاب احمد وہرہ نے کہا کہ لینڈ پورٹ اتھارٹی میں نجی شعبے کو نمائندگی دینے کا فیصلہ بہترین نتائج کا حامل ہوگا اور اس سے بارڈر کے آر پار تجارت کا حجم بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر نجی شعبے کی نمائندگی سے فیصلوں کے حقیقی معنوں میں نفاذ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے لہذاپاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی میں کم از کم پچاس فیصد نمائندگی نجی شعبے کو دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے نمائندے شامل کرتے ہوئے چیمبرکو شاملِ مشاورت رکھا جائے۔
کیونکہ پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی کا قیام لاہور چیمبر کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ انہوں نے کہا یہ اچھا شگون ہے کہ حکومت نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے بارڈر پر اتھارٹی قائم کی جس کے بہت دور رس نتائج برآمدہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی کو فعال اور بہترین ادارہ بنانے کے لیے بیوروکریٹک رکاوٹوں سے دور رکھا جائے۔