اے سی سی کی سرگرمیاںمحدود کر دی جائیں گی،اشرف الحق
ڈھاکہ ( نیٹ نیوز)ایشیائی کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو اشرف الحق نے کہا ہے کہ اے سی سی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے بجائے سرگرمیاںمحدود کر دی جائیں گی، کونسل کا مستقبل غیر یقینی کیفیت سے دوچار ہو گیا ہے۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ آئی سی سی تمام علاقائی باڈیز کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے کر ان کی سرگرمیوں کو محدود کرنا چاہتی ہے اور دو ہزار پندرہ کی کٹ آف ڈیٹ کے بعد اے سی سی جیسی باڈیز کا مستقبل غیر یقینی ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا آئی سی سی حکام ایشین کرکٹ کونسل کو مکمل طور پر ختم نہیں کرنا چاہتے مگر اس کی سرگرمیاں محدود کر دی جائیں گی۔ اشرف الحق نے کہاکہ ایسا محض ایشین کرکٹ کونسل کے ساتھ ہی نہیں ہوگا بلکہ افریقہ،یورپ، شمالی اور جنوبی امریکا کے علاوہ ایشیاء پیسفک سمیت تمام علاقائی باڈیز براہ راست آئی سی سی کے کنٹرول میں آ جائیں گی۔اشرف الحق نے کہا کہ ٹیسٹ ممالک کو چھوڑ کر سعودی عرب سے لے کر چین تک اکیس ملکوں میں ایشین کرکٹ کونسل کوچز ، امپائرنگ اور کرکٹ کے دیگر پہلوﺅں پر کام کر رہی ہے جس کے جونیئر سے لے کر سینئر لیول تک کئی ٹورنامنٹس بھی کھیلے جاتے ہیں لیکن اب یہ سرگرمیاں جاری رہیں گی اس کے بارے میں کچھ بھی یقینی طور پر نہیں کہا جا سکتا۔