انڈسٹریل ، الیکٹریکل اور الیکٹرانکس نمائش سے تجارت بڑھے گی: سیمتاافضل سید

انڈسٹریل ، الیکٹریکل اور الیکٹرانکس نمائش سے تجارت بڑھے گی: سیمتاافضل سید

کراچی (اکنامک رپورٹر)رکن صوبائی اسمبلی سمیتا افضل سید نے انڈسٹریل ، الیکٹریکل اور الیکٹرانکس نمائش پاکستان( IEEEP Fair 2014 ) کو صنعتوں کے نمائندگان، تجارتی مندوبین، ماہرین، صنعتی اداروں، متعلقہ شعبہ جات کے پیشہ ور افراد ار اور شرکاءکیلئے بہترین پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش صنعتی شعبہ جات میں ہونے والی جدید پیش رفت، ٹیکنالوجی، ایک دوسرے کے خیالات جاننے اور درپیش چیلنجز کے حل پیش کرنے کیلئے بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بطور مہمان خصوصی نمائش کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریب میں کیا۔ چیئرمین انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرونکس انجینئرز آف پاکستان، ایم آصف صدیقی نے کہا کہ الیکٹریکل انجینئرز کیلئے خصوصی موقع ہے کہ وہ الیکٹریکل انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے چیلنجز اور اس ضمن میں ہونے والی ترقی کا مشاہدہ کرسکیں اور ساتھ ہی تیکنیکل معلومات حاصل کرکے ٹیکنالوجی کو اپنے شعبہ جات اور خصوصی طور پر انجینئرنگ برادری میں شریک کرسکیں۔

 انہوں کہا کہ یہ نمائش ہمارے نوجوان انجینئروں کیلئے انڈسٹری اور تعلیمی اداروں میں پائے جانے والے فرق کو ختم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔اس موقع پر وائس چیئرمین، انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرونکس انجینئرز آف پاکستان، نوید انصاری نے کہا کہ اس نمائش کا مقصد صنعتی پیشہ وروں، اہم فیصلہ سازوں اور حکومتی حکام کیلئے ایک ساز گار اور معاون ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ باہم دلچسپی کے شعبوں جیسے الیکٹریکل، الیکٹرونکس، صنعتی ترقی، پاور جنریشن سمیت ملک کی آئندہ کی ضروریات کیلئے توانائی کی بچت کے امور پر بات چیت کرسکیں۔سینئر وائس چیئرمین ایف پی سی سی آئی عامر العباد نے ملکی انجینئرنگ سیکٹر کے مواقع کو اجاگر کرنے کیلئے انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرونکس انجینئرز آف پاکستان کی خدمات کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش متعلقہ شعبہ جات بشمول الیکٹریکل، الیکٹرونک اور انڈسٹریل شعبوں کو ایک چھت تلے جمع کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی اور درپیش مشکلات کا حل ڈھونڈنے میں معاون ثابت ہوگی۔ پاکستان میں انجینئرنگ شعبے کی ترقی اور بہتری کیلئے ان کی کوششیں امید افزاءہیں۔قبل ازیں، IEEEP نمائش کے کنوینر انجینئر ایم عرفان شیخ نے کہا کہ یہ نمائش متعلقہ پیشہ ور افراد کیلئے جدید معلومات کے حصول میں نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ یہاں انڈسٹری سے متعلقہ تمام افراد الیکٹریکل اور الیکٹرونکس شعبہ جات میں ہونے والی ترقی کے بارے میں جاننے کے ساتھ ماہرین انڈسٹری سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے الیکٹریکل اور الیکٹرونکس اشیاءکے مینوفیکچررز، تجارتی مندوبین اور پیشہ ور افراد اور دیگر صنعتی نمائندوں کو ایک جگہ اکھٹا کرنے میں یہ نمائش اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔بعد ازاں، بدر ایکسپو سلوشنز کے ڈائریکٹر سیلز جعفر عباس نے مزید تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اعزازی سیکریٹری آئی ای ای ای پی، کراچی سینٹر، پرکاش لوہانہ نے اس موقع پر تمام مندوبین، مہمانوں اور نمائش میں حصہ لینے والی کمپنیوں، اداروں، اسپانسرز کے نمائندگان کا شکریہ ادا کیا ۔نمائش کے انتظامات ملک کی مرکزی ایونٹ مینجمنٹ کمپنی بدر ایکسپو سلوشنز کررہی ہے۔

مزید : کامرس


loading...