آباد انٹرنیشنل ایکسپو 2014 کا انعقاد خوش آئند ہے : آغاسراج درانی

آباد انٹرنیشنل ایکسپو 2014 کا انعقاد خوش آئند ہے : آغاسراج درانی

کراچی (اکنامک رپورٹر)اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ آباد انٹرنیشنل ایکسپو 2014 کا انعقاد خوش آئند ہے اس سے نہ صرف تعمیراتی صنعت کو جدید رجحانات سے آگاہی ملے گی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا یہ بات انہوں نے ایکسپو سینٹر کراچی میں 3 روزہ آباد انٹرنیشنل ایکسپو د 2014 کی افتتاحی تقریب کے موقع پرکہی ۔اس موقع پر چیئرمین آباد محسن شیخانی ،سینئر وائس چیئرمین سلیم قا سم پٹیل ،وائس چیئرمین حنیف گوہر ، ریجنل چیئرمین حارث مٹھانی سمیت دیگر بھی موجودتھے ۔اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پیپلز پارٹی کی پہلی ترجیح ہے اور ہر شہری کا حق ہے کہ اسے چھت میسر آسکے۔ ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز نے اس حوالے سے خاصی کوششیں کی ہیں اور سندھ حکومت نے بھی مسائل کے حل میں ہر طرح کا ساتھ دیا ہے ایک وقت تھا کہ جب تعمیراتی صنعت زبوں حالی کا شکار تھی ، پاکستانی بلڈرز عرب ممالک میں سرمایہ کاری کررہے تھے لیکن پیپلز پارٹی نے اپنے پہلے دور میں آباد کا ساتھ دے کر تعمیراتی صنعت کی سرگرمیاں بحال کیں یہی وجہ ہے کہ 5 سال کے دوران بے پناہ پروجیکٹ کا انعقاد کیا گیا۔یہ صنعت ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ، اس نمائش سے دنیا کو اندازہ ہوجائے گاتعمیراتی شعبے میں ہماری صلاحیت کتنی ہے اور ہم جدید ٹیکنالوجی کے مطابق تعمیراتی کررہے ہیں۔انہوں نے غیر ملکی وفود کی آمد کو بھی خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ان کی یہاں آمد سے پاکستان کا منفی تاثر دور ہوگا اور جب یہ لوگ اپنے اپنے ممالک واپس جائیں گے تو یہ پیغام مزید آگے بڑھے گا۔

 اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ حکومت سندھ نے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دائرہ کار کو پورے سندھ تک پھیلایا ۔ آغا سراج درانی نے اعلان کیا کہ اگر زمینوں پر قبضے کے مسائل ہیں تو آباد اپنے پلیٹ فارم سے قانونی ماہرین کی ٹیم تشکیل دے کر مسودہ تیار کرے تاکہ ہم اسے سندھ اسمبلی سے منظور کراکر قانون سازی کرسکیں اور انہیں آئندہ اس قسم کی مسائل کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے موجودہ صورتحال سے متعلق بتایا کہ عمران خان اور طاہر القادری کے منصوبے کا 14 اگست کو پتہ چلے گا، پیپلز پارٹی نے نواز شریف کو جمہورت کے استحکام کے لیے اوپن چیک دے دیا ہے ، ہم جمہورت کو ڈی ریل نہیں ہونے دینگے۔انقلاب عوام سے آتا ہے ،باہر سے نہیں۔موجودہ صورتحال منفی پیغام دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے جمہوریت کے لیے اپنی قربانی دی اور انہی کی پالیسیوں کی وجہ سے ایک جمہوری حکومت نے پہلی مرتبہ اپنی مدت پوری کی۔ ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز آف پاکستان کے چیئرمین محسن شیخانی نے کہا کہ آباد انٹرنیشنل ایکسپو 2014 پاکستان میں تعمیراتی صنعت کی پہلی نمائش ہے ، یہ خواب ہم نے مل کر دیکھا تھا اور دن رات کی طویل جدوجہد کے بعد اس کے تعبیر ملی ۔ نمائش ایکسپو سینٹر کراچی کے 6ہالز میں منعقد کی گئی ہے جس میں 385 اسٹالز لگائے گئے ہیں ، نمائش میں 130 کمپنیوں نے شرکت کی ہے جن میں سے 24 کا تعلق متحدہ عرب امارات، ملائیشیا، چین، ترکی، تھائی لینڈ، سنگاپور، سری لنکا، جرمنی اور دیگر ممالک سے ہے۔ ان ممالک سے تعمیراتی صنعت کے ماہرین بھی پاکستان آئے ہیں جن کے مقالوں اور تجربات سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ محسن شیخانی نے کہا کہ پاکستان میں 80لاکھ گھروں کی کمی ہے اور اس میں سالانہ 3 لاکھ یونٹس کا اضافہ ہورہا ہے، ہم چاہتے ہیں حکومت کے ساتھ مل کر کم قیمت مکانات تعمیر کرسکیں تاکہ گھر کی چھت کا ہر شہری کا خواب پورا ہوسکے جو اس کا حق بھی ہے، نمائش کے پہلے دن ہزاروں لوگوں نے شرکت کی جس میں سیاسی ، سماجی اور نمایاں کاروباری شخصیات شامل ہیں۔

مزید : کامرس


loading...