یو ای ٹی کے زیر اہتمام جشن آزادی سلسلے میں آزادی واک

یو ای ٹی کے زیر اہتمام جشن آزادی سلسلے میں آزادی واک

لاہور( ایجوکیشن رپورٹر ) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے زیر اہتمام جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میںآزادی واک کا اہتمام کیا گیا۔جس کی قیادت وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اکرم خاں نے کی۔ یو ای ٹی نیشنل لائبریری چوک سے شروع ہونے والی واک کیمیکل ، مائیننگ ڈیپارٹمنٹ سے ہوتی ہوئی مین بلاک فزکس ڈیپارٹمنٹ پہنچی۔ واک کے شرکاءبینرز، جھنڈے اٹھا ئے ملکی سلامتی واستحکام کے نعرے لگارہے تھے۔ واک کے اختتام پر وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اکرم خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی روایتی جذبہ حب الوطنی اور جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔کسی قوم کے لئے اپنے آزاد و خودمختار وطن کی تشکیل سے بڑی خوشی تو اور کوئی نہیں ہو سکتی اس لئے تشکیلِ وطن والا دن منانا اور تزک و احتشام سے منانا ایک طرح سے وطن کے تحفظ و دفاع اور استحکام کے لئے تجدید عہد کی صورت میں اور زیادہ ضروری ہو جاتا ہے۔ اس روز جہاں ملکی اور قومی تعمیر و ترقی کے تقاضوں کو اجاگر کرنے میں مدد ملتی ہے وہیں۔قومی قائدین کے جاری کئے گئے مشن پر چلنے اور اسے برقرار رکھنے کے لئے قوم میں نیا جذبہ بھی فروغ پاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی اور بین الاقوامی حالات و واقعات کے تناظر میں پاکستان میں اس وقت قومی سطح پر جتنی اتحاد و یکجہتی اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے شاید اس سے پہلے کبھی نہ تھی۔ تمام طبقات کے درمیان قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے، اور دور جدید کے تمام سائنسی، علمی، ثقافتی اور ارتقائی تقاضوں کو اسلام اور اسلامی قوانین سے ہم آہنگ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہرایک کو اپنی اپنی جگہ اور استعدادکے مطابق خلوص نیت اور ایمانداری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہو گاپاکستان کو اللہ رب العزت نے تمام وسائل دیئے ہیں اس کی دنیا میں ایک اہمیت ہے پاکستانی قوم کو اپنی قدر اور حیثیت کو حقیقی معنوں میں پہچاننا ہو گا۔ جس دن اس نے اپنے آپ کو پہچان لیا اسی روز ایمان۔ اتحاد اور تنظیم پر عملدر آمد آسان ہو جائے گا اور اسی میں پاکستان اور امت مسلمہ کی کامیابی و کامرانی ہے۔واک میں ڈاکٹر عبدالستار شاکر،ڈاکٹر فیاض شاہ،ڈاکٹر فضیلت طاہرہ، ڈاکٹر ظفرنون، ڈاکٹر ندیم فیروز ،ڈاکٹر اسرائیل فاروقی ڈاکٹر شاہد رفیق، ڈاکٹر نوید رمضان، ڈاکٹر گل حمید اعوان ، ڈاکٹر زوالفقار ،ڈاکٹر الیاس، ڈاکٹر نیلم ناز ڈاکٹر اقبال بھٹی، رجسٹرار محمد آصف،ڈاکٹر تنویر قاسم ،امانت علی بھٹی ، ڈاکٹر خرم سامراج ، محمد سلیم ودیگر اساتذہ نے شرکت کی۔

 

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...