ملکی منظر نامہ خطرناک صورت اختیار کرتا جا رہا ہے ،خالد پرویز
لاہور(وقائع نگار)صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز نے کہا ہے کہ سٹاک مارکیٹ کا ایک جھٹکے سے نیچے آنا ، روپے کی قدر میں کمی ،مارکیٹوں اور بازاروں میں سناٹے اور سرمایہ کاری کا رُک جانا۔ یہ سب چیزیں بتا رہی ہیں کہ ملکی منظر نامہ خطرناک صورت اختیار کرتا جا رہا ہے ۔ غیر یقینی کی صورتحال نے معیشت کو منجمد کرکے رکھ دیا ہے حکومت اور اپوزیشن ملک اور قوم کا سوچیں اور ذاتی مفادات سے اوپر اُٹھ کر مسائل حل کریں ۔ خصوصاً حکومت فراخدلی کا مظاہرہ کرے سیاست میں بند راستے مکالمے سے کھلتے ہیں ۔ اختلاف رائے اور پر امن احتجاج جمہوریت کا حسن ہے ۔ خالد پرویز نے کہا معاشرے کے کمزور اور غریب طبقات اور ڈیلی ویجز پر کام کرنے والوں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں ۔ لانگ مارچ اور دھرنے اور انہیں روکنے کے عمل میں بے چارے عوام کی شامت آئی ہوئی ہے ۔ کیا یہی وہ گڈ گورننس اور تبدیلی ہے جسے لانے کے الیکشن میں دونوں فریقوں کی طرف سے دعوے کئے جاتے ہیں ۔