قوم لانگ مارچ کرنے والوں کا حقہ پانی بند کر دے گی ،ترقیاتی عمل جاری رہے گا ،شہباز شریف

قوم لانگ مارچ کرنے والوں کا حقہ پانی بند کر دے گی ،ترقیاتی عمل جاری رہے گا ...

                     لاہور(پ ر)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے 170 دن میں مکمل ہونے والے قینچی سگنل فری جنکشن کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ فیروز پور روڈ لاہور کے مصروف ترین مقام قنچی پر سگنل فری جنکشن کی تعمیر سے روزانہ 2 لاکھ سے زائد گاڑیوں کو فائدہ ہوگا اور سالانہ2 ارب روپے کے ایندھن کی بچت ہوگی۔غازی روڈ پر یو ٹرن اور فیروز پور روڈ پر والٹن فلائی اوور کے عظیم الشان پراجیکٹ پر 80 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ اس کے پہلے فلائی اوور اور یوٹرن نمبر5 کی کل لمبائی 1 ہزار 11 میٹر ہے۔ حکومت پنجاب کی طرف سے 175 دن میں والٹن فیروز پور روڈ فلائی اوور اور آزادی چوک فلائی اوور سمیت تین بڑے پراجیکٹ کی تکمیل ایک ریکارڈ ہے جس سے نہ صرف لاہور بلکہ دیگر شہروں سے آنے والے شہریوں کو آمدورفت میں آسانی اور وقت بچت ہوگی۔منصوبے کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو اور لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ قینچی سگنل فری جنکشن لاہور کی خوبصورتی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ شہر کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرئے گا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند سالوںمیں لاہور میں20 میگا پراجیکٹ کی تعمیر کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ملتان روڈ کے شہریوں کی سہولت کے لیے تعمیر و توسیع کا منصوبہ مکمل ہو چکا ہے۔ لاہور قصور روڈ اور ٹھوکر نیاز بیگ فلائی اوور پراجیکٹ کی تکمیل سے شہریوں کو آمدورفت میں پیش آنے والی دشواریوں کا خاتمہ ہوا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے عوام کو ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے والے منصوبے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا میں قینچی سگنل فری جنکشن کا منصوبہ عوام کے نام کرتا ہوں۔ اس منصوبے کے افتتاح سے ٹریفک کے مسائل سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا یہ وہ ترقیاتی منصوبہ ہے جس کے خلاف لانگ مارچ اور دھرنے دیئے جا رہے ہیں۔ ہمارے منصوبے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ہیں۔ لانگ مارچ اور دھرنوں کی منفی سیاست عوام مسترد کر دیں گے۔ 14 اگست آزادی کا دن ہے جسے وطن عزیز کے قیام کے لئے قربانی دینے والے لاکھوں افراد کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ پاکستانی قوم ان قربانیوں کو ضائع کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لانگ مارچ اور دھرنے دینے والے ملک کو اندھیروں میں لے جانا چاہتے ہیں۔ قوم ان کا حقہ پانی بندکر دے گی۔ یہ عناصر ملک کو دوبارہ غلامی کی زنجیروں میں جکڑنا چاہتے ہیں۔ قوم ان کو روشن مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی عمل جاری رہے گا۔ شرپسند عناصر انتشار کی سیاست کرتے رہیں گے۔ پوری قوم لانگ مارچ اور دھرنے دینے والوں کا حقہ پانی بند کر دے گی۔ عوام لانگ مارچ کو ٹھاہ کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم وزیراعظم محمد نوازشریف کے ساتھ ہے اور ترقی و خوشحالی کے سفر میں ساتھ رہے گی۔ وزیر اعلیٰ نے والٹن فلائی اوور کی تعمیر میں حصہ لینے والے تمام ہنر مندوں اورسرکاری افسران کو مبارکباد پیش کی اور مزدوروں سے ہاتھ ملایا۔ چیئرمین ایل ڈی اے احد خاں چیمہ نے وزیراعلیٰ کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی

مزید : صفحہ اول


loading...