حکومت نے آزادی مارچ کی اجازت دے دی، جماعت اسلامی کے مطالبے پر راستے کھول رہے ہیں: وزیراعظم

حکومت نے آزادی مارچ کی اجازت دے دی، جماعت اسلامی کے مطالبے پر راستے کھول رہے ...
حکومت نے آزادی مارچ کی اجازت دے دی، جماعت اسلامی کے مطالبے پر راستے کھول رہے ہیں: وزیراعظم

  


لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ انہوں نے جماعت اسلامی کے مطالبے پر آزادی مارچ کیلئے راستے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو آزادی مارچ کو اسلام آباد میں داخلے کے حکومتی فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے کہنے پر آزادی مارچ کواسلام آباد میں داخلے کی اجازت دی ہے۔ وزیراعظم نے سراج الحق سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اس سے پہلے آپ کے کہنے پر ہی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ بھی تسلیم کیا۔ دوسری جانب جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ انہیں وزیر اطلاعات نے وزیراعظم کا پیغام دیا ہے اور بتایا ہے کہ آزادی مارچ کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کے اس فیصلے کے بعد حکومت کی جانب سے آزادی مارچ اور اسلام آباد میں جلسے کے انعقاد کیلئے تحریک انصاف کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی اجازت کے باوجود تحریک انصاف جلسے کیلئے باقاعدہ تحریری اجازت مانگے اور قانون کے دائرے میں آزادی مارچ اور جلسہ کرے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے آزادی مارچ پر سیاسی حلقوں میں ہلچل کے دوران جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مصالحت کا کردار ادا کر رہے تھے۔

مزید : قومی /اہم خبریں


loading...