جاوید ہاشمی مان گئے، عمران خان نے ٹیکنو کریٹ حکومت کی بات غلط فہمی میں کی، وضاحت پر مطمئن ہوں: صدر تحریک انصاف

جاوید ہاشمی مان گئے، عمران خان نے ٹیکنو کریٹ حکومت کی بات غلط فہمی میں کی، ...
جاوید ہاشمی مان گئے، عمران خان نے ٹیکنو کریٹ حکومت کی بات غلط فہمی میں کی، وضاحت پر مطمئن ہوں: صدر تحریک انصاف

  


لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جاوید ہاشمی کو منانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان نے جاوید ہاشمی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے اور جاوید ہاشمی لانگ مارچ میں شرکت کیلئے ملتان سے لاہور کیلئے روانہ ہو گئے ہیں۔ جاوید ہاشمی نے وفد کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ٹیکنو کریٹ حکومت بنانے کی بات کی تھی جس پر تحفظات تھے تاہم عمران خان کی وضاحت پر مطمئن ہوں جبکہ عمران خان خود بھی 10 بجے کے قریب وضاحت کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چاہتا تھا کہ آئین پر کوئی شکوک و شبہات نہ پیدا کئے جائیں، ٹیکنو کریٹ حکومت بنانا عدالت کا کام نہیں، میں نے مارشل لاءکے خلاف سب سے زیادہ جدوجہد کی۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے وفد نے ملتان میں جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی اور ان کے تحفظات سنے، تحریک انصاف کے رہنماءعمر ڈار جو وفد میں شامل تھے، نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفد نے جاوید ہاشمی کی چیئرمین عمران خان سے ٹیلی فونک گفتگو کرائی جو 25 سے 30 منٹ تک جاری رہی ، اس دوران عمران خان نے جاوید ہاشمی کو تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کرائی جس پر جاوید ہاشمی نے رضامندی ظاہر کر دی۔ عمر ڈار کا کہنا تھا کہ جاوید ہاشمی ہر مشکل میں آزادی کیلئے پیش پیش رہے اور اس بار بھی وہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی قیادت کریں گے۔ واضح رہے کہ جاوید ہاشمی نے لانگ مارچ پر تحفظات کے باعث گزشتہ روز خود کو آزادی مارچ سے علیحدہ کر لیا تھا اور اسلام آباد سے ملتان روانہ ہو گئے تھے تاہم تحریک انصاف کے وفد نے ملتان میں ان سے ملاقات کی اور انہیں منانے میں کامیاب ہوگئے۔

مزید : قومی /اہم خبریں


loading...