وزیر قانون پنجاب رانا مشہود کی متنازعہ ویڈیومنظر عام پر آگئی، رشوت لینے کا الزام
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرقانون پنجاب رانا مشہود خان کا ویڈیو سکینڈل سامنے آگیا ہے جس میں وہ ایک نجی ادارے فیوچر کنسرن کے مالک ملک عاصم سے پیسے وصول کر رہے ہیں۔ اے آر وائی نیوزکے پروگرام ’کھرا سچ‘ میں نشر کی جانے والی ویڈیو میں وزیرقانون پنجاب رانا مشہود کو مبینہ طور پرایک ادارے فیوچر کنسرن کے مالک ملک عاصم سے رشوت لیتے ،ممبران صوبائی اسمبلی کی مبینہ ہارس ٹریڈنگ سے متعلق بھی گفتگو کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اینکرپرسن مبشر لقمان کے پروگرام میں دکھایا گیا ہے کہ وزیرقانون پنجاب رانا مشہود ایک پرسکون کمرے میں صوفے پر دراز ہیں اور ان کے ہمراہ ملک عاصم بھی موجود ہیں جو مبینہ طور پر وزیر قانون کو پیسے بطور رشوت دے رہے ہیں ۔
اسی ویڈیو میں رانا مشہود احمد خان پنجاب کے ممبران اسمبلی کی ہارس ٹریڈنگ کا ذکر کرتے نظر آتے ہیں تاکہ ان کو اسمبلی میں سادہ اکثریت حاصل ہوسکے اور وہ آرام سے حکومت کر سکیں، صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز کا ذکر بھی ملتا ہے تاہم یہ مبینہ ویڈیو کس وقت ریکارڈ کی گئی اس متعلق کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ وزیرقانون رانا مشہود کاکہناتھاکہ یہ ویڈیو پہلے ہی غلط ثابت ہوچکی ہے ، وہ اے آروائے نیوز کو ہرجانے کا نوٹس بھیجیں گے ۔
یاد رہے کہ ملک عاصم وہ شخص ہے جس پرالزام ہے کہ اس نے لوگوں سے کروڑوں روپے بیرون ملک بھیجنے کے نام پر وصول کیے لیکن انہیں دھوکہ دیا۔ملک عاصم کا نام ای سی ایل میں بھی شامل ہے۔