سندھ اسمبلی کے 4 اراکین آج حلف نہیں لیں گے
اسلام آباد (ویب ڈیسک) سندھ اسمبلی کا اجلاس آج صبح ہوگا جس میں نو منتخب اراکین صوبائی اسمبلی حلف اٹھائیں گے، جبکہ 4 اراکین آج حلف نہیں لے سکیں گے۔سندھ اسمبلی کا ایوان 168 ارکان پر مشتمل ہے جن میں سے 164 ارکان آج حلف اٹھائیں گے اور 4 نہیں اٹھائیں گے۔
ذرائع کے مطابق حلف نہ اٹھانے والے اراکین میں پاکستان پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور جی ڈی اے کے ارکان شامل ہیں۔آج کے اجلاس میں نو منتخب ارکان کے اہل خانہ بھی شرکت کریں گے جس کے لئے خصوصی پاسز جاری کئے گئے ہیں۔
سندھ اسمبلی کےاجلاس کی صدارت اسپیکر آغا سراج درانی کریں گے، اجلاس میں نو منتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے ۔آغا سراج درانی نو منتخب اراکین سے حلف لیں گے ۔
پیپلز پارٹی مسلسل تیسری بار اکثریتی ارکان کے ساتھ سندھ اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت ہوگی، پاکستان تحریک انصاف، ایم کیو ایم اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس بالترتیب دوسرے تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں، جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے 3 اور متحدہ مجلس عمل کے ایک رکن منتخب ہو کر اسمبلی پہنچے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آج حلف نہ اٹھانے والے اراکین میں میرپور خاص سےپیپلز پارٹی کے منتخب رکن ذوالفقار علی شاہ اور تھرپار سے جی ڈی اے کے رزاق راہیمو ہیں۔ ان دونوں امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا ہے۔
پی ٹی آئی کے عمران اسماعیل گورنر سندھ نامزد ہونے پر آج حلف نہیں اٹھائیں گے، پی پی پی کے رکن سید فضل شاہ قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشست پر منتخب ہوئے ہیں لہٰذا وہ قومی اسمبلی میں حلف اٹھائیں گے۔ اس کے علاوہ ملیر کراچی کی صوبائی اسمبلی کی نشست پر امیدوار کے انتقال کی وجہ سے الیکشن ملتوی کر دئیے گئے تھے۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور مہمانوں کیلئے خصوصی پاسز جاری کئے گئے ہیں۔