اگر بلاول ہاوس کی حفاظتی بیرونی دیوار نہیں گرائی گئیں تو قانونی کارروائی کریں گے,ہم سندھ میں چیکر اور اکاونٹنٹ کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں:عمران اسماعیل
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اورنامزد گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ہم سندھ میں ایک چیکر اور اکاونٹنٹ کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی سے بلاول ہاوس کی حفاظتی دیوار گرانے کی بات کریں گے اور اگر بیرونی دیوار نہیں گرائی گئیں تو قانونی کارروائی کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اورنامزد گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ سندھ کے تمام پروجیکٹ میں احتساب اور شفافیت ہونی چاہیے ،ہم آگے چلنا چاہتے ہیں ،چاہتے ہیں نیب اپنا کام کرے اور ہم اپنا کام کریں،سندھ میں بے انتہا مالی باضابطگیاں ہوئیں اور منصوبوں میں کمیشن کھایا گیا،سندھ اپنا فیصلہ دے چکا ہے اب لکیر پیٹنے کا کوئی فائدہ نہیں،سندھ حکومت کوشش کرے کہ منصوبوں میں زیادہ سے زیادہ شفافیت ہو،اگر ہمارا کوئی جھگڑا ہونا ہے تو وہ کرپشن پر ہوگا،ہم سو فیصد احتساب چاہتے ہیں کرپشن پر زیرو ٹالیرنس ہے۔ ان کا مزیدکہنا تھا کہ سندھ اور وفاق مل کر چلیں گے،ہم پورے سندھ کو ایک نظر سے دیکھتے ہیں ،اگر کوئی صوبے اور وفاق میں مسئلہ ہوا تو بطور گورنر پل کا کردار ادا کروں گا،ہمیں فیتے کاٹنے اور تختیاں لگانے کا شوق نہیں سندھ کی خدمت کرنا چاہتے ہیں،ہم ایک مشترکہ پروگرام ٹائم لائن کے ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں،مراد علی شاہ سے بات چیت ہوئی کہ ہم مشترکہ طور پر وزیراعظم سے بات کریں،ہم سندھ حکومت کو اپنا ایک جامع پروگرام دیں گے،ہم سندھ میں ایک چیکر اور اکاونٹنٹ کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی سے بلاول ہاوس کی حفاظتی دیوار گرانے کی بات کریں گے اور اگر بیرونی دیوار نہیں گرائی گئیں تو قانونی کارروائی کریں گے,سندھ حکومت کی مدد کرنا چاہتے ہیں لیکن چیک اینڈ بیلنس بھی رکھنا چاہتے ہیں،ایم کیو ایم، جی ڈی اے، پی ٹی آئی نے سندھ حکومت پرچیک اینڈ بیلنس رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ تمام امیدواروں کا حتمی اعلان آج اپوزیشن کے عشائیے پر ہوگا،سندھ اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر کا امیدوار تحریک انصاف کی جانب سے دیا جائیگا،سندھ اسمبلی میں سپیکر کا امیدوار ایم کیو ایم دے گی،پیٹ پھاڑ دیں گے روڈ پر گھیسٹیں گے یہ سب زبانی کلامی اور لفاظی تھی،پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں تناو¿ نظر نہیں آتاوہ ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے رہے ہیں۔