پی آئی اے کے طیارے کے آگے رن وے پر غیر ملکی خاتون کاپاکستانی پرچم پہن کر رقص۔۔۔وڈیونے تہلکہ برپا کر دیا ،چیئرمین نیب حرکت میں آگئے

پی آئی اے کے طیارے کے آگے رن وے پر غیر ملکی خاتون کاپاکستانی پرچم پہن کر ...
پی آئی اے کے طیارے کے آگے رن وے پر غیر ملکی خاتون کاپاکستانی پرچم پہن کر رقص۔۔۔وڈیونے تہلکہ برپا کر دیا ،چیئرمین نیب حرکت میں آگئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) غیر ملکی خاتون نے کی کی چیلنج کے لئے پی آئی اے کےجہاز کا انتخاب کیا ،خاتون طیارے کے اندر اور باہر پاکستانی پرچم کے ساتھ رقص کرتی رہیں،وڈیو کے منظر عام پر آتے ہی چیئرمین نیب نے کارروائی کا حکم دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی نجی پرواز میں غیر ملکی خاتون ایوا زو بک نے پاکستانی پرچم لپیٹ کر’’ کی کی‘‘ چیلنج کے حوالے سے اپنا چیلنج پورا کیا ،وڈیوکے انٹرنیٹ پر آتے ہی سوشل میڈیا پر طوفان برپا ہو گیا ہے ،خاتون نے طیارے کے اندر اور باہر غیر مہذبانہ ڈانس کرکے پوری قوم کو حیران کر دیا ہے۔
ایک سوشل میڈیا صارف سیدرضا مہدی نے ٹویٹر پر وڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ملاحظہ کریں جہاز میں پہلی دفعہ’’ کی کی ‘‘چیلنج کا اصلی ورژن، غیر ملکی خاتون ایو زو بک نے ریکارڈ کروانےاور پاکستان کا جشن آزادی منانے کے لئے پی آئی اے کے جہاز کا استعمال کیا۔
وڈیو دیکھیں :


پی آئی اے کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر خاتون کی تصویر بھی شیئر کی گئی ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ انگلینڈسے تعلق رکھنے والی ایوا زو بک گلوبل شہریت رکھنے والی خاتون ہیں جو دنیا بھر میں گھومتی پھرتی ہیں انہوں نے پاکستان کی جشن آزادی اس طریقے سے منایا جس کی پہلے کبھی کسی نے کوشش نہیں کی ۔

.


دوسری جانب چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے غیرملکی خاتون کے پی آئی اے طیارے میں قومی پرچم کے ساتھ رقص کرنے کا نوٹس لے لیا ہے،چیئرمین نیب نے قومی پرچم کی بے حرمتی کے ذمہ دار افسران کے خلاف نشاندہی کرکے کارروائی کا حکم دیا ہے،ان کا کہنا ہے کہ شرمناک حرکت پر چیف ایگزیکٹو پی آئی اے، متعلقہ حکام کے خلاف ایکشن ہوگا، غیرملکی خاتون پرچم کی بے حرمتی کرتے ہوئے رن وے اور جہاز تک کیسے پہنچی، معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیںگی۔
اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور نے کہا ہے کہ طیارے میں غیرملکی خاتون کے رقص سے پی آئی اے کا تعلق نہیں ہے، غیرملکی سیاح نے یہ سب کچھ اپنے طور پر کیا ہے،غیرملکی خاتون کو طیارے تک رسائی کیسے ملی، نہیں جانتا ہوں، خاتون کی ویڈیو پی آئی اے فیس بک پیج سے ہٹادی گئی ہے مزید تحقیقات کررہے ہیں۔