پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک نےیوم ِ آزادی کا پیغام دیتے ہوئے قومی ائیر لائن کے حوالے سےپاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک نےیوم ِ آزادی کا پیغام ...
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک نےیوم ِ آزادی کا پیغام دیتے ہوئے قومی ائیر لائن کے حوالے سےپاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

  


کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد محمود  ملک نے   کہا ہے کہ پاکستان کا قیام برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے ، ہمیں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور مفکر پاکستان علامہ ڈاکٹرمحمد اقبالؒ کے افکار کے مطابق ایک عظیم قوم بننا ہے،قومی ائیرلائن نئی منزلوں کی جانب ثابت قدمی سے بڑھ  رہی ہے اور بہتری کی جانب ہمارا سفر کامیابی سے جاری ہے،ہماری پوری کوشش ہے کہ ہم پی آئی اے کو مسافروں کو پسند یدہ ائر لائن بنا سکیں جو پاکستان سے پوری دنیا کے لئے اپنی خدمات فراہم کرے۔

تفصیلات کے مطابقیوم آزادی کے موقع پر  پاکستانی قوم اور پی آئی اے کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئےائر مارشل ارشد ملک  کا کہنا تھا کہ  پی آئی اے نے ڈیڑھ سال سے گراؤنڈ کئے گئے دو طیاروں ائر بس A320 اور بوئنگ 777 کو دوبارہ کارآمد بناتے ہوئے فضائی بیڑے میں شامل کیا ہے،یہ میرے لئے فخر کی بات ہے کہ ایک مدت کے بعد پی آئی اے کے تمام 12بوئنگ777 طیارے آپریشنل ہیں،یہ پی آئی اے کی ٹیم کی محنتوں کا ثمر اور اس کے لئے ادارے کے کارکنان شاباش کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں ایک اور خوشخبری بھی دینا چاہتا ہوں کہ پی آئی اے نے اپنے بوئنگ777 اور ائر بس A320 طیاروں کے چیک اے کی مکمل سہولت بالترتیب اسلام آباد اور لاہور میں فراہم کر دی ہے جس کا ائر لائن کی مستقبل کی کار کردگی پر خوشگوار اثر پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ماشاء اللہ حج آپریشن کا کا میابی سے آغاز ہوا اور اس سال ہم نے 82ہزار سے زائد عازمین کو جدہ اور مدینہ منورہ پہنچایا جو کہ گزشتہ سال سے تقریباً 25 فیصد زائدتعداد ہے،پی آئی اے کی کار کردگی کوملک کی اعلیٰ سطح پر اور بیرون ملک بھی سراہا جا رہا ہے،مجھے امید ہے کہ ہمارا بعد از حج آپریشن بھی کامیابی سے ہمکنار ہو گا۔

ائر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ ہماری کار کردگی کے اشاریئے مثبت سمت میں جارہے ہیں، ہماری پروازوں کی بروقت آمدروفت، سیٹ فیکٹر اور لوڈ فیکٹر میں نمایاں بہتری آئی ہے جس کی وجہ سے معاشی کار کردگی میں بہتری ہو رہی ہے، بلک ہیڈ نشستوں کو فروخت کرنے کا ہمارا عمل بہت کامیاب رہا ہے،پروازوں کے دائرہ کار میں اضافہ کیا گیا ہے اور نئے مقامات کے لئے پروازیں شروع کی گئی ہیں جن میں سیالکوٹ سے شارجہ، سیالکوٹ سے پیرس، سیالکوٹ سے بارسلونا، لاہور سے مسقط، اسلام آباد سے دوہا، اسلام آباد سے مسقط، پشاور سے شارجہ، پشاور سے العین اور ملتان سے شارجہ کی پروازیں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ستمبر میں سیالکوٹ سے لندن کی پروازوں کا بھی آغاز کیا جارہا ہے،ملک کے بڑے اداروں کے ساتھ مل کر کو برانڈنگ بھی کی جارہی ہے جو اس بات کے اعتماد کا اظہار ہے کہ ملکی ادارے پی آئی اے کی کار کردگی سے مطمئن ہیں،میں پرُ امید ہوں کہ آنے والے دنوں میں مزید ادارے ہمارے ساتھ شامل ہو جائیں گے۔ارشد ملک کا کہنا تھا کہ ہماری یہ کوشش ہے کہ سفر ی سہولیات کو مزید آسان اورآرام دہ بنایا جائے اور پروازوں میں اضافہ کیاجائے اور نئے مقامات کے لئے پروازیں شروع کی جائیں۔انہوں  نے کہا کہکاروباری اور تکنیکی امور کے ساتھ ساتھ ہماری توجہ انسانی وسائل سے متعلقہ امور کی جانب بھی رہی،پروموشن اور فارن پوسٹنگ کا سلسلہ جاری ہے، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پی آئی اے میں تمام فیصلے میرٹ پر کئے جارہے ہیں اور اللہ کریم کی مدد سے اس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں،ابھی حال ہی میں فلائٹ سروس میں گروپ 4 سے گروپ8 تک تقریباً 1000 پروموشنز کی گئی ہیں جو ادارے کی تاریخ کا نیاریکارڈ ہے، ان میں خاص طور پر وہ لوگ بھی شامل ہیں جن کو گزشتہ 15 سال سے ترقی نہیں ملی تھی،مجھے امید ہے کہ ہمارے ترقی پانے والے دوست اب ایک نئے جذبے اور پھر پور عزم کے ساتھ پی آئی اے کا نام روشن کریں گے۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی