حکومت کو شکست خوردہ اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں،ہمایوں اختر

حکومت کو شکست خوردہ اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں،ہمایوں اختر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ یہ طے ہو چکا ہے کہ پاکستان میں اب ماضی کا کرپشن ماڈل نہیں چلے گا،ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے حکومت اور اداروں میں مکمل ہم آہنگی ہے، ملک میں ہائبرڈ نہیں بلکہ جمہوری ماڈل ہے،حکومت کو شکست خوردہ اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے ساتھ کیا کیا؟، مولانا فضل الرحمان جیسا تجربہ کار شخص دوبارہ دھوکہ کھانے کیلئے تیار ہو جائے ایسا ہو نہیں سکتا۔
 وہ اپنی سیاسی کاوشوں سے کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا ایک ہی رونا اور واویلا ہے کہ انہیں کسی نہ کسی طرح کرپشن کیسز سے ریلیف مل جائے لیکن دنیا ادھر کی اُدھر تو ہو سکتی ہے تحریک انصاف کی حکومت احتساب کے اصولی نظرئیے اور موقف سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی،یہ طے ہو چکا ہے کہ پاکستان میں اب ماضی کا کرپشن ماڈل نہیں چلے گا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) عام انتخابات میں شکست کھا چکی ہے، اس وقت ان کی سیاست کی حالت بڑی پتلی ہے، سیاسی کمپرسی کی شکا ر اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپنی توجہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور معاشی حالات کو بہتر کرنے پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں اور اپوزیشن کی پوری کوشش ہے کہ ان کے عزم اور توجہ میں خلل ڈالا جائے  جس کے لئے کوئی نہ کوئی ڈگڈی تماشہ کیا جاتا ہے۔