یوم آزادی خوشی اور شادمانی کا دن ہے،ڈپٹی میئر کراچی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن نے کہا ہے کہ یوم آزادی کا دن انتہائی خوشی اور شادمانی کا دن ہے۔ پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے، تحریک پاکستان کے دوران لاکھوں مسلمانوں نے اس وطن کے حصول کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے، اب ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم اس وطن کی حفاظت، استحکام اور تعمیر و ترقی کے لئے اپنی بھر پور صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے کام کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مرکزی دفتر میں یوم آزادی کے حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان)لیبر ڈویژن کے ایم سی یونٹ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما ارشد انصاری‘ ناصر بیگ‘ انچارج لیبر ڈویژن احمد بھائی‘ ندیم مرزا‘ شاہ رخ رضوان‘ محکمہ جاتی سربراہان‘ کے ایم سی کے سینئر افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی، ڈپٹی میئر نے اس موقع پر یوم آزادی کے حوالے سے کیک کاٹتے ہوئے قوم کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں قائد اعظم کے اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم پر کاربند رہ کر اس عزم کی تجدید کرنی ہے کہ اپنے وطن کو سنوارنے اور خوب سے خوب تر بنانے کے لئے ہم سب مل کر کام کریں گے۔