صدر ٹرمپ کا افغان امن فارمولہ کارگر ثابت ہو رہا ہے، ڈاکٹر اسد مجید

صدر ٹرمپ کا افغان امن فارمولہ کارگر ثابت ہو رہا ہے، ڈاکٹر اسد مجید

  

واشنگٹن(اظہر زمان،بیورو چیف) واشنگٹن میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہاہے کہ صدر ٹرمپ نے افغانستان میں امن کے قیام کے لئے جو فارمولا پیش کیا ہے وہ کارگر ثابت ہو رہا ہے۔”واشنگٹن ٹائمز“ سے خصوصی انٹرویو میں اسد مجید خان نے کہا کہ بلاشک انٹرا افغان مذاکرات سست روی کا شکار ہیں اور افغانستان میں تشدد کم نہیں ہو رہا لیکن اس کے باوجود امن کے قیام کی پوری امید باقی ہے۔ فروری میں امریکہ نے طالبان کے ساتھ جس امن معاہدے پر دستخط کئے تھے اس کے تحت وہ افغانستان سے اپنی افواج کو واپس بلانے کا پابند ہے لیکن جنگ اور بد امنی کے شکار اس ملک میں اقتصادی امداد کے ذریعے امریکی اثر و نفوذ جاری رہے گا۔ امن فارمولا کے حامیوں اور افغانستان کے تمام سٹیک ہولڈرز کو جنگ سے متاثرہ معیشت سے نکل کر ایک معمول کی معیشت بنانے میں اس ملک کا ساتھ دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حمایت یافتہ اشرف غنی کی حکومت نے اپنی جیلوں میں قید طالبان قیدیوں کو رہا کر دیا ہے جس کی وجہ سے اب افغانستان کے داخلی گروہوں کی آپس میں بات چیت کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ امریکہ جس طرح دباؤ ڈال رہا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ افغانستان میں قیام امن کی اپنی پالیسی میں کتنا مخلص ہے۔ انہوں نے واضح کہا کہ امریکی انتخابات میں جو امیدوار بھی کامیاب ہو پاکستان کے ہر ایک کے ساتھ تعلقات ویسے ہی خوشگوار رہیں گے۔

ڈاکٹر اسد مجید

مزید :

صفحہ اول -