پولیومہم میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کرینگے: ڈی سی ڈیرہ 

پولیومہم میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کرینگے: ڈی سی ڈیرہ 

  

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی،کوتاہی برتنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔مائیکرو پلان میں موجود خامیوں کو فوری دور کیا جائے۔ریفیوزل کیسز کی کوریج پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں آج سے شروع ہونیوالی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈیرہ،اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، این سٹاپ آفیسر، ای پی آئی کوارڈینیٹر، ایل ایچ ڈبلیو کوارڈینیٹر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ کیمونکیشن سپورٹ آفیسر، پولیو ایریڈیکیشن آفیسرز،تھرڈ پارٹی مانیٹرز، ای او سی مانیٹرز سمیت محکمہ صحت، تعلیم، لوکل گورنمنٹ، پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران این سٹاپ آفیسر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں ماہ کی 13تاریخ سے شروع ہونیوالی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کیلئے انتظامات حتمی مراحل میں ہیں۔ انسداد پولیو ٹیموں کی ٹریننگ مکمل کی جا چکی ہے، مہم کیلئے سیکورٹی پلان بھی مرتب کیا جا چکا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ مذکورہ انسداد پولیو مہم کے دوران بچوں کو وٹامن -اے کی خوراک بھی دی جائیگی جس سے بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے۔اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے متنبہ کیا کہ انسداد پولیو مہم کیلئے انتظامات، ٹیموں کی ٹریننگ، مائیکرو پلان، اجلاس کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد میں کوتاہی، غرض کسی قسم کی بھی غفلت، تساہل یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی اور ایسے عناصر کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی لہذا تمام افسران تندہی اور سنجیدگی سے اپنے فرائض سرانجام دیں کیونکہ جہاں ایک طرف پولیوکا خاتمہ ہمارے لیے چیلنج کی صورت اختیار کر چکا ہے وہیں اس سے ہمارے آنے والی نسلوں کا مستقبل وابستہ ہے۔ ہم نے پولیو وائرس سے ہمیشہ کا چھٹکارا حاصل کر کے مستقبل کے نونہالوں کو پولیو سے پاک معاشرہ فراہم کرنا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ مہم کے دوران این اے اور ریفیوزل کیسز پر خصوصی توجہ دی جائے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -