کوئٹہ،دستی بم حملے میں بچی جاں بحق، 6 افراد زخمی
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دستی بم کے حملے میں بچی جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔ معلومات کے مطابق نامعلوم ملزمان نے کوئٹہ کی بریوری روڈ پر دستی بم پھینکا جس کی زد میں آکر ایک بچی سمیت 7 افراد زخمی ہوئے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔اس ضمن میں بتایا گیا کہ ملزمان نے بریوری روڈ پر ایک دکان کے پاس دستی بم پھینکا تھا۔علاوہ ازیں سول ہسپتال نے واقعے میں بچی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔ترجمان سول ہسپتال وسیم بیگ کے مطابق دھماکے سے 5 زخمیوں کو ہسپتال کے ٹراما سینٹر لایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے زخمیوں کے علاج کے لیے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کردی۔