صوبے کے تمام کا لجز میں آن لائن داخلے جاری ہیں، خلیق الرحمان 

صوبے کے تمام کا لجز میں آن لائن داخلے جاری ہیں، خلیق الرحمان 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی کے مشیر برائے اعلی تعلیم خلیق الرحمان نے کاہے کہ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اورمحکمہ ہائیر ایجوکیشن کی باہمی تکنیکی معاونت سے صوبے کے تمام کالجز میں آن لائن داخلے جاری ہیں۔ جس میں طلباء خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈیجٹلائزیشن پالیسی کے تحت صوبے کے تمام طلباء اس سسٹم سے مستفید ہورہے ہیں۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیربرائے سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش اورمشیر برائے اعلی تعلیم میاں خلیق الرحمان کی زیرصدارت اجلاس میں آن لائن ایڈمشن سسٹم کو مزید بہتر بنانے، ایپلی کیشن میں مزید جدت لانے اور اس کی سپیڈ بڑھانے کیلئے کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ سیکرٹری سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی مختیاراحمد، آئی ٹی بورڈ ڈیٹا سنٹرخیبرپختونخوا اور ہائرایجوکیشن کی ٹیکنیکل ٹیمیں بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ مشیربرائیسائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کے تمام محکموں میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل جاری ہے۔ جس کا بنیادی مقصد عوام کو سہولیات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آن لائن داخلہ سسٹم کے ذریعے طلباء کے گھر بیٹھے داخلے کررہے ہیں۔ جبکہ آئی ٹی بورڈ اور دیگر ٹیکنیکل ٹیمیں کو مزید بہتری لانے کیلئے بھی  ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ مشیربرائے اعلی تعلیم میاں خلیق الرحمان نے کہاہے کہ ابھی تک 28 ہزار سے زائد طلباء وطالبات آن لائن داخلے حاصل  کرچکے ہیں جبکہ تقریباً 3 لاکھ سے زائد طلباء  اس سال کالجز میں داخلہ لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تکنیکی ٹیمیں ہمہ وقت طلباء وطالبات کے مسائل حل کرنے کیلئے موجود ہیں اور ان کے سوالات کے بروقت جوابات دیے جاتے ہیں۔ آن لائن داخلہ جائزہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ BS اوردیگرداخلوں کیلئے سسٹم میں فوری بہتری لائی جائے اور اس پرہنگامی بنیادوں پر کام کیاجائے۔#