اسلام آبا د میں تیسرے سالانہ دوروزہ مینگو فیسٹیول کا افتتاح 

  اسلام آبا د میں تیسرے سالانہ دوروزہ مینگو فیسٹیول کا افتتاح 

  

  ملتان (سپیشل رپورٹر)اسلام آباد کے سینٹورس مال میں تیسرے سالانہ دو روزہ مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔12اور 13اگست تک ہونے والے اس مینگو فیسٹیول کا انعقاد سینٹورس مال اورایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان کے مشترکہ تعاون سے کیا گیا۔مینگو فیسٹیول کا افتتاح صوبائی وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کیا۔ اس موقع پر سینٹورس مال(بقیہ نمبر33صفحہ10پر)

 اسلام آباد  اور پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئر مین سردار تنویر الیاس خان، ایم این ایس زرعی یونیورسٹی،ملتان کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر آصف علی،ممبر قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب، صوبائی وزیر مواصلات پنجاب سردار محمد آصف نکئی سمیت وفاقی دارلحکومت کے نامور سیاسی و سماجی شخصیات مختلف ممالک کے ڈپلومیٹس اور دیگر عمائدین شہر بھی موجود تھے۔ اس نمائش کے انعقاد میں سردار تنویر الیاس اور وائس چانسلر زرعی جامعہ ملتان پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کلیدی کردار ادا کیا۔اس مینگو فیسٹول کے اسلام آباد میں انعقاد کا مقصد وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق زراعت سے منسلک کاروبار چاہے وہ مقامی طور پر ہو یا برآمدات سے متعلق کی ترقی ہے۔ سینٹورس مال اسلام آباد میں مینگو فیسٹیول کے انعقاد پرمعزز مہمانان گرامی جن میں شہر زراعت کے شعبے سے وابستہ معتبر اشخاص اور میڈیا نمائندگان نے نمائش کے انعقاد پر سردار تنویر الیاس کی کوششوں کو سراہا۔سینٹو رس مال اسلام آباد مینگو فیسٹیول کے انعقاد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین بورڈ آف انویسٹمنٹ سردار تنویر الیاس خان نے بتایا کہ پنجاب انویسٹمنٹ بورڈ کے سربراہ کی حیثیت سے آم کی برآمدات کو اگلے پانچ سالوں میں دگنا کرنے کے ہدف کو پورا کرنے کے حصول میں کوشا ں ہوں۔ تا کہ نہ صرف پاکستان کی معیشت ترقی کرے بلکہ زراعت کا شعبہ پاکستان میں اپنی کلیدی حیثیت نہ کھوئے۔سینٹو رس مال اسلام آباد مینگو فیسٹیول کے انعقاد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے  صوبائی وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمدلنگڑیال نے کہاکہ مینگو فیسٹیول کے لگا تار سالانہ کامیاب انعقاد سے پاکستانی آم کی ایکسپورٹ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان میں تقریباً 4لاکھ 12ہزارایکڑ ا رقبے پر آم کی کاشت کی جا رہی ہے جس سے مجموعی طور پر تقریباً 17لاکھ ٹن پیداوار حاصل کی جاتی ہے جس میں 70فیصد آم صوبہ پنجاب میں پیدا ہوتا ہے۔ پاکستان میں اس وقت آم کی مختلف اقسام کاشت کی جارہی ہیں جن میں دسہری، سندھڑی، انو ررٹول، چونسہ اور لنگڑا وغیرہ سر فہرست ہیں۔ ترشاوہ پھلوں کے بعد آم پیداواری لحاظ سے د وسرابڑا پھل ہے۔ جنوبی پنجاب کے تقر یباً ہر ضلع میں آم کی کاشت کی جاتی ہے۔ ہمارا آم بہترین ذائقے اور خوشبو کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی منڈیوں خصوصاً مشرق وسطی، برطانیہ اور یورپ میں بھی مقبو ل ہے۔ اس وقت پاکستانی آم بین الاقوامی منڈیوں میں جن داموں میں فروخت کیا جا رہا ہے وہ دیگر ممالک سے بہت کم ہے۔ہماری حکومت کی بھر پور کوشش ہے کہ آم کی ایکسپورٹ کیلئے کوالٹی کو مزید بہتر بنا کر اچھی قیمت حاصل کی جا سکے۔ صوبائی وزیر زراعت نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ حکومت زراعت کی ترقی کیلئے نئے منصوبے پر کام شروع کر چکی ہے جس سے نہ صرف ملکی پیداوار بڑھے گی بلکہ برآمداد میں اضافہ ہو گا اور کاشتکار کی خوشحالی بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔سینٹورس مال اسلام آباد میں منعقدہ تیسرے سالانہ مینگو فیسٹیول کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہاکہ آم کو پھلوں کا بادشاہ بھی کہا جاتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق برصغیر پاک و ہند میں آم کی کاشت 4000سال پہلے شروع ہوئی اور اس وقت دنیا میں قلمی آم کی 149اقسا م سے زائد اور دیسی آم کی تقریباً 1000اقسام کاشت ہورہی ہیں۔ مجموعی طور پر دنیا میں تقریباً 25ملین ٹن آم کی پیدا ہو رہی ہے اور پاکستان، انڈیا، برازیل، چائنہ، نائیجیریا، میکسیکو اور تھائی لینڈ آم کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا کے پہلے دس ممالک کی فہرست میں آتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ زرعی جامعہ ملتان کی جانب سے آم کی ہائی ڈینسٹی پروڈیکشن کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت ایک ایکڑ میں 1300تک آم کے پودے لگائے جا سکتے ہیں اور اس حوالے سے زرعی یونیورسٹی ملتان میں آم کا ماڈل فارم لگا دیا گیا ہے۔وائس چانسلر زرعی جامعہ نے کہاکہ لکڑی کی پیٹی کو استعمال کرنے سے 20فیصد آم ضائع ہو جاتے ہیں۔لکڑی کی پیٹی کے استعمال کو ختم کرنے اور گتے کے باکس کو استعمال میں لانے کیلئے زرعی یونیورسٹی ملتان نے 50مینگو گرورز کو ٹریننگ دینے کیلئے منتخب کیا ہے جن کی کپیسٹی بلڈنگ کی جائے گی اور لکڑی کی پیٹی کے استعمال اور اس سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں بتایا جائے گا۔اس حوالے سے زرعی یونیورسٹی ملتان میں یونی فریش مینگوز کے نام سے اپنی گتے کی پیکنگ کا برانڈ متعارف کروا دیا ہے۔ انہوں نے چیئر مین سینٹورس مال اور چیئر مین پنجاب انویسٹمنٹ بورڈ اینڈ ٹریڈ سردار تنویر الیاس کو مبارک باد دی۔سینٹو رس مال اسلام آباد میں منعقدہ 2 روزہ مینگو فیسٹیول میں آموں کی مختلف اقسام کے متعدد اسٹال لگائے گئے جس میں اسلام آباد او رراولپنڈی کے شہریوں نے بھر پور شرکت کی۔

میلہ

مزید :

ملتان صفحہ آخر -