نابینا بچوں کی ایڈیشنل آئی جی انعام غنی سے ملاقات، تعیناتی پرپھول پیش

 نابینا بچوں کی ایڈیشنل آئی جی انعام غنی سے ملاقات، تعیناتی پرپھول پیش

  

 ملتان (وقا ئع نگار)  ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ ذہنی و جسمانی معذوری کے حامل افراد (بقیہ نمبر4صفحہ10پر)

قابل ترس نہیں بلکہ معاشرے کے صحیح معنوں میں سپیشل پرسنز ہیں جنکو کارآمد بناکر ترقی کے دھارے میں شامل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ''تارے زمین پر'' یقیناً کسی خاص مقصد کیلئے اتارے گئے ہیں اور یہ ہمارا فرض ہے کہ انکی کفالت اور تعلیم و تربیت میں کسی قسم کی لاپروائی نہ برتی جائے.ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے آفس میں ملاقات کیلئے آنیوالے نابینا بچوں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر محمد بن قاسم بلائنڈ ویلفئیر کمپلیکس میں زیر تعلیم نابینا بچوں نے انعام غنی کی جنوبی پنجاب میں تعیناتی پر پھول بھی پیش کئے۔بچوں کے ہمراہ ڈائریکٹر محمد بن قاسم بلائنڈ ویلفئیر کمپلیکس سعدیہ کرمانی بھی موجود تھیں۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب انعام غنی نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر جنوبی پنجاب میں پولیس کے زیر اہتمام تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور وہ خود بھی سپیشل بچوں کے ہمراہ یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کرینگے تاکہ انکی حوصلہ افزائی ہوسکے۔انعام غنی نے کہا کہ معاشرے کا ہر فرد معذور افراد اور نابینا بچوں کو سرگرم عمل بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور انکے والدین کو یہ احساس دلایا جائے کہ انکے لخت جگر کسی بھی نارمل فرد سے کم نہیں۔اس موقع پر ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب انعام غنی نابینا بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور بھرپور مہمان نوازی بھی کی۔قبل ازیں ڈائریکٹر محمد بن قاسم بلائنڈ ویلفئیر کمپلیکس سعدیہ کرمانی نے اپنے ادارے کے حوالے سے انعام غنی کو بریفننگ دی اور ادارے کے دورے کی دعوت بھی دی ہے۔

انعام غنی

مزید :

ملتان صفحہ آخر -