وزیراعلٰی پنجاب کی نیب میں پیشی، پونے دو گھنٹے پوچھ گچھ، اثاثوں کی تفصیلات طلب، وزیراعلٰی کے پرنسپل سیکرٹری کے کہنے پر لائسنس جاری کیا سابق ڈی جی ایکسائز

وزیراعلٰی پنجاب کی نیب میں پیشی، پونے دو گھنٹے پوچھ گچھ، اثاثوں کی تفصیلات ...

  

لاہور (جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب شراب لائسنس کیس میں نیب آفس پیش ہوئے۔ نیب حکام نے پونے 2 گھنٹے تک سوالات کئے لیکن سردار عثمان بزدار جوابات دینے سے کتراتے رہے۔تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بغیر پروٹوکول نیب لاہور کے آفس پہنچے جہاں ان سے پونے دو گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔قومی احتساب بیورو (نیب) کے حکام نے شراب  کے لائسنس  کے اجرا کے حوالے سے عثمان بزدار سے سوالات پوچھے۔ نیب حکام نے 12 صفحات پر مشتمل نیا سوالنامہ بھی انھیں دیا۔ وزیراعلیٰ سے ان کے اور ان کے خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئی ہیں۔۔ سوالات کے جواب میں عثمان بزدار کہتے رہے کہ مجھے کچھ یاد نہیں آ رہا بھول گیا ہوں، اس پر نیب نے ان کو جائیدادوں کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے پرفارما دیدیا۔پیشی کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے فوری طور پر مشاورتی اجلاس طلب کیا جس میں نیب کے سوالات کے تناظر میں قانونی مشاورت کی گئی۔۔دوسری جانب شراب لائسنس کیس تحقیقات میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سابق ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل نے نیب کے سامنے بیان ریکارڈ کروا دیا ہے۔سابق ڈی جی ایکسائز نے چیئرمین نیب کو معافی کی درخواست بھی دیدی ہے۔ اکرم اشرف گوندل نے بیان میں کہا ہے کہ اس وقت کے پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ راحیل احمد صدیقی کے کہنے پر دستخط کئے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ آفس کو بتایا تھا کہ تمام این او سی پورے نہیں، پالیسی اور قوانین کے برعکس اقدام ہے۔ ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی کے کہنے پر شراب کا لائسنس جاری کیا۔دوسری طرف پیشی کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا  کہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ذاتی حیثیت سے نیب کے سامنے پیش ہوا۔ آج یہاں ایک بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میں ایک گاڑی میں بغیر پروٹوکول نیب کے دفتر گیا۔ نیب کے سامنے اپنا موقف پیش کیا اور لائسنس کے معاملے پر حقائق سے آگاہ کیا۔ لائسنس کے معاملے پر ابہام دور کرنے کیلئے حقائق نیب کے سامنے رکھے۔ انہوں نے کہا کہ الحمداللہ ہمارا دامن صاف ہے۔جب بھی بلایا جائے گا، اپنا موقف ضرور دوں گا۔ہم آئینی اداروں کے احترام پر یقین رکھتے ہیں اور نئے پاکستان میں کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب میں پیش ہوکر قانون کی بالادستی کو تسلیم کرنے کی روایت قائم کی۔عدالت اور خصوصی کمیشن میں بھی جا کر موقف پیش کر چکا ہوں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ گزشتہ روز نیب کے دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی اور قانون شکنی کا مظاہرہ کیا گیا۔ قوم نے کل قانون شکنی اور آج قانون پسندی کا مظاہرہ دیکھا۔ قانون شکن عناصر نے خود کو ایکسپوز کیا۔ قانون کی پاسداری ہر شہری کا فرض ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ غلط کام نہ کیا ہے نہ کرنے دیں گے۔پنجاب میں قانونی ضوابط کے مطابق امور حکومت چلا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پیشی

مزید :

صفحہ اول -