نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک مرتب کیا،عثمان ڈار
اسلام آباد(آن لائن) معاون خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار نے کہاہے کہ پاکستان کی آبادی کا 68 فی صد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جو کہ ہماری سب سے بڑی طاقت اور قومی سرمایہ ہیں پی ٹی آئی حکومت نوجوانوں کی بھر پور حمایت کی مرہون منت ہے اور یہی نوجوان، پاکستان میں حقیقی تبدیلی کے علم بردار ہیں،وزیر اعظم عمران خان نے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر یقین رکھتے ہوئے ان کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے۔ نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام میں عثمان ڈار نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے" نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک" کی صورت میں ایک مفصل اور جامع لائحہ عمل مرتب کیا گیا اس فریم ورک کے مندرجات میں نوجوانوں کی سماجی, سیاسی اور معاشی ترقی کیلئے اہداف متعین کئے گئے جن کی روشنی میں عملی اقدامات اٹھائے گئے۔وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام، نوجوانوں کو تعلیم و ہنر کی فراہمی کے ساتھ ساتھ، انہیں باروزگار اور بااختیار بنانے کا منصوبہ ہے۔ 10 ارب روپے کی لاگت سے کامیاب جوان پروگرام کے تحت ہنر مند پاکستان کا آغاز کیا جو نوجوانوں کو روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ جدید علوم اور ٹیکنالوجی میں مہارت سے آراستہ کریگی۔ عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کی مد میں 100 ارب روپے مختص کئے گئے- اس تاریخی منصوبے پر عملدرآمد جاری ہے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام میں مزید سہولتوں اور آسانیوں کا اعلان کرینگے۔
عثمان ڈار