دوسرا ٹیسٹ، پاکستان کی بیٹنگ جاری ، ایک کھلاڑی آوٹ
ساوتھمپٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف ساوتھ ایمپٹن ٹیسٹ کے پہلے روز پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور قومی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 36 رنز بنا لیے ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز مانچسٹر ٹیسٹ میں شاندار سنچری اسکور کرنے والے شان مسعود اور عابد علی نے کیا لیکن شان مسعود ایک رن بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 36 رنز بنا لیے ہیں اور عابد علی کے ساتھ قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی وکٹ پر موجود ہیں۔ قبل ازیں ٹاس جیت کر قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا ہم نے یہ محسوس کیا کہ ٹیم میں ایک اسپنر کافی ہے لہذا شاداب خان کو آرام دیکر فواد عالم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔فواد عالم کی ٹیسٹ ٹیم میں 11 سال بعد واپسی ہوئی ہے ،اس سے قبل انہوں نے 2009 میں ٹیسٹ کھیلا تھا ۔
دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں ہیں ، بین سٹوکس اور جوفرا آرچر ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ زیک کرالی اور سیم کیورن کو شامل کر لیا گیاہے ۔اظہر علی کا کہناتھا کہ موسم گرم ہے اور اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے ، پہلے ٹیسٹ میں جیت کے قریب آ کر ہارنے پر افسوس ہے ۔ انہو ںنے شاداب خان کی جگہ فواد عالم کو ٹیم میں شامل کرنے کے فیصلے پر بتایا کہ ہمیں لگتا ہے کہ ٹیم میں ایک سپنر بہت ہے ۔انگلینڈ کے خلاف پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے باعث انگلینڈ کو پاکستان پر 1-0 کی برتری حاصل ہے ۔