سینیٹر شبلی فراز ایک بار پھر سابق حکمرانوں پر برس پڑے،کھری کھری سناتے ہوئےاپوزیشن جماعتوں کو دو ٹوک پیغام دے دیا

سینیٹر شبلی فراز ایک بار پھر سابق حکمرانوں پر برس پڑے،کھری کھری سناتے ...
سینیٹر شبلی فراز ایک بار پھر سابق حکمرانوں پر برس پڑے،کھری کھری سناتے ہوئےاپوزیشن جماعتوں کو دو ٹوک پیغام دے دیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات  و نشریات سینیٹر شبلی فراز  نے کہا ہے کہ حکومت احتساب کے عمل کو جاری و ساری رکھے گی اور قانون کی بالا دستی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،ماضی کےحکمرانوں  نے قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیحی دی اور ملک و قوم کو آج اس نہج پر پہنچایا،پاکستان کو ہر طرح کی بدعنوانی سے پاک کریں گے اورمادر ِ وطن کو مثالی اسلامی فلاحی ریاست مدینہ بنائیں گے ۔

جدوجہد آزادی کے حوالے سے منعقدہ تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز  نے کہا کہ یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ یہ تصاویری نمائش قائد اعظم محمد علی جناح کی فعال قیادت میں دنیا کے نقشے پر ایک نئی اسلامی ریاست کے قیام کے لیے برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد اور لازوال قربانیوں کی یاد دلاتی ہے،اس نمائش کا ایک بنیادی مقصد یہ بھی ہے کہ یوم آزادی اور قراردادپاکستان کےحوالےسےنئی نسل کو یہ احساس دلایاجاسکےکہ پاکستان کیوں ہمارے لئےضروری تھااور آج بھی تمام مسائل کےباوجودکتنی بڑی نعمت ہے؟اس کےتحفظ،ترقی و خوشحالی کےلئےہرکسی کو اپنا کردار نبھانا چاہیے۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان کا قیام ہم پر ہمارے بزرگوں کا ایک احسان ہے،ہمارا فرض ہے کہ ہم ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان اپنی  آئندہ نسل کیلئے چھوڑ کر جائیں،ہم ملک کو کرپشن اور بدعنوانی سے پاک کرکے رہیں گے،اگر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ایک باوقار ملک کے طور پر دنیا کی اقوام میں مقام حاصل کرے تو اس کا صرف ایک ہی راستہ ہے کہ ہم ماضی کی غلط پالیسیوں کو ترک کرکے عالمی سطح پر اپنے  آپ کو ایک خود انحصار قوم کے طور پر منوائیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو آج جتنے بھی چیلنجز درپیش ہیں اس کی وجہ ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیساں ہیں جنہوں نےقومی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیحی دی اور ملک و قوم کو آج اس نہج پر پہنچایا،ہماری حکومت احتساب کے عمل کو جاری و ساری رکھے گی اور قانون کی بالا دستی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

مزید :

قومی -