بھارت خطے کو مسلسل عدم استحکام کی طرف دھکیل رہا ہے، کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی انشاءاللہ کامیاب ہو گی: ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج پر ناکام حملے اور دہشت گردوں کیلئے منی لانڈرنگ میں بھارت ملوث ہے، ہمسایوں کیخلاف بھارت کے جارحانہ عزائم علاقائی امن کیلئے خطرہ ہے اور بھارت خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل ریاہے، کسی بھی وقت یہ لاوا پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے، آزادی کی قدر مقبوضہ کشمیر کی ماؤں سے پوچھیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، دنیا کا کوئی ظلم ایسا نہیں جو کشمیریوں پر نہ ڈھایا جا رہا ہو، کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل اور پیلٹ گنز کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر کی قیادت ایک سال سے پابند سلاسل ہے ، سلام ہے کشمیریوں کو جو آزاد کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں ۔
انہوں نے مسئلے کی سنگینی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر اٹھایا ہے اور پچھلے ایک سال میں تین مرتبہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں زیر بحث آیا، یہ اس بات کی دلیل ہے کہ مقبوضہ کشمیرکا مسئلہ تصفیہ طلب ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور بچوں کی حرمت کو پامال کیا جارہا ہے، کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی انشاءاللہ کامیاب ہو گی۔ عالمی میڈیا کے نمائندوں نے آزاد کشمیر میں ہر طرح سے جائزہ لیا مگر بھارت کی جانب سے کسی مبصر یا صحافی کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت نہیں ہے، بھارت خطے کو مسلسل عدم استحکام کی طرف دھکیل رہا ہے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ رواں سال بھارت نے927 مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی اور مقامی آبادی کو نشانہ بنایا اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کر رہا ہے لیکن پاکستان کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارت کو موثر جواب دیا جاتا ہے ، بھارت پاکستان میں بھی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے۔ بھارت نے نفرت انگیزی کا جو بیج بویا وہ پورے بھارت میں پھیل چکا ہے، بھارت کی اسلحہ خریداری اس کے توسیع پسندانہ عزائم کا منہ بولتا ثبوت ہے جو اسلحے کی خریداری میں سرفہرست ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردی میں ملوث ہے، اس پوری قوم نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی، بھارت کی ہر جارحیت کا جواب دینے کیلئے ہم منظم اور تیار ہیں۔دہشت گردی کیخلاف جنگ بہت بڑی کامیابی ہے جس دوران 18 ہزار سے زائد دہشت گرد مارے گئے جبکہ آپریشن ردالفساد کے دوران انٹیلی جنس معلومات کی بنیادوں پر ایک لاکھ سے زائد آپریشن کئے گئے اور 46 ہزار مربع کلومیٹر علاقہ کلیئر کیا گیا۔
افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن افغانستان میں امن سے منسلک ہے اور ہم افغانستان میں مکمل امن کے خواہاں ہیں جبکہ امن عمل کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے، انہوں نے بتایا کہ پاک افغان سرحد پر 1700 کلومیٹر پر فینسنگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ پاک، ایران بارڈر پر باڑ لگانے کے علاوہ شمالی وزیرستان میں 11 ہزار فٹ بلندی پر بھی باڑ لگائی جا رہی ہے ، فینسگ آپریشن کے دوران 70 آئی ای ڈیز کو ناکارہ بھی بنایا گیا۔
انہوں نے کورونا وائرس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی یہ خطرہ منڈلا رہا ہے اور پوری دنیا میں دوسری لہر اٹھ رہی ہے اور ہمیں کورونا پر اب پہلے سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے ، پاکستان نے اس حوالے سے بہترین اقدامات کئے اور پوری دنیا میں پاکستان کے کورونا کیخلاف اقدامات کو سراہا جا رہا ہے، کورونا کیخلاف کامیابی عوامی تعاون کے بغیر ناممکن تھی، فرنٹ لائن ڈاکٹرز، ہیلتھ ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم اس کے نگہبان ہیں۔