”بھارت 500 رافیل طیارے بھی خرید لے، ہم تیار ہیں“ پاک فوج نے شاندار اعلان کر دیا
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ بھارت اسلحہ کی دوڑ میں رہنے والے ممالک کی فہرست میں ہے، وہ 500 رافیل طیارے بھی خرید لے، ہم تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 5 رافیل تیارے جس طرح سفر کر کے فرانس سے ہندوستان پہنچے ہیں، وہ دکھاتے ہیں کہ ان کی ’ان سیکیورٹی‘ کا لیول کیا ہے۔ ہمیں اپنی استطاعت پر کسی قسم کا شک نہیں اور ہم یہ ثابت بھی کر چکے ہیں جبکہ رافیل طیاروں کے آنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے دفاعی بجٹ میں فرق سے خطے میں کنوینشنل بیلنس اثرانداز ہو رہا ہے اور عالمی برادری کو بھی یہ دیکھنا چاہئے۔ حال ہی میں ایک بیان سامنے آیا کہ 84 فیصد بجٹ فوج کھا جاتی ہے مگر آپ اچھی طرح جانتے ہیں کہ پاک فوج کا بجٹ کتنا ہے جبکہ ہم اس میں اضافہ بھی نہیں کر رہے لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ہماری دفاعی تیاریوں میں کوئی کمی آ گئی، ہماری تیاری میں کوئی کمی نہیں آئی، رافیل لے آئیں یا کچھ اور لے آئیں، ہم تیار ہیں۔