”میچ ونر بننا ہے تو یہ کام کرو“ شاہد آفریدی نے بابراعظم کو مفید مشورہ دیدیا

”میچ ونر بننا ہے تو یہ کام کرو“ شاہد آفریدی نے بابراعظم کو مفید مشورہ دیدیا
”میچ ونر بننا ہے تو یہ کام کرو“ شاہد آفریدی نے بابراعظم کو مفید مشورہ دیدیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے بایراعظم کو نمبر ون بلے باز بننے کیساتھ ساتھ میچ ونر بننے کیلئے اپنی نصف سنچریوں کو سنچریوں میں بدلنے پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بابراعظم کی کارکردگی بہت اہم ہے اور وہ ٹیم کی بیٹنگ لائن میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس لئے اسے میچ وننگ اننگز کھیلنا ہو گی۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ بابراعظم بہت باصلاحیت ہے، جو روٹ، ویرات کوہلی، اے بی ڈی ویلیئرز اور سٹیو سمتھ جیسا بننے کیلئے اسے لمبی اننگز کھیلنا ہوں گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وسیم اور وقار کی طرح نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کو بھی میچ جتوانے چاہئیں جبکہ ان سے ہم سب کی بہت زیادہ توقعات بھی وابستہ ہیں، وہ نوجوان ہیں اور اچھی سے اچھی پرفارمنس دینے کا جذبہ بھی رکھتے ہیں، انہیں اپنی کارکردگی میں تسلسل لانا پڑے گا، کھیل میں آنے والے پریشر کو انجوائے کرنے سے کارکردگی بہتر ہوتی اور سیکھنے کا موقع ملتاہے۔

اظہر علی کی کپتانی اور پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا موقف تھا کہ اظہر علی ذاتی پرفارمنس کا ریکارڈ زیادہ اچھا نہیں، جب کپتان کی ذاتی پرفارمنس خراب جارہی ہو اور ٹیم بھی ہار جائے تو پھر تنقید تو ضرور ہوگی، میچ میں کپتان کی ذاتی پرفارمنس بہت اہمیت رکھتی ہے، کپتان پرفارم کرے گا تو سے اس کا اعتماد بڑھتا ہے اور وہ دوسروں سے بھی اچھی کارکردگی لینے میں کامیاب رہتاہے۔

مزید :

کھیل -