11 سال بعد ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فواد عالم نے کتنے رنز بنائے؟وہ خبر آ گئی جس کا سب کو انتظار تھا

11 سال بعد ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فواد عالم نے کتنے رنز بنائے؟وہ خبر آ گئی جس کا ...
11 سال بعد ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فواد عالم نے کتنے رنز بنائے؟وہ خبر آ گئی جس کا سب کو انتظار تھا

  

ساﺅتھمپٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی ہے اور صرف 120 رنز پر 5 کھلاڑی آﺅٹ ہو چکے ہیں، 11 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے فواد عالم بغیر کوئی سکور بنائے آﺅٹ ہوئے۔ 

تفصیلات کے مطابق ساﺅتھمپٹن میں جاری بارش سے متاثرہ ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا تاہم پچھلے میچ میں سنچری سکور کرنے والے اوپنر اس بار صرف ایک سکور کے مہمان ثابت ہوئے، میچ کے 24ویں اوور میں میچ بارش کے باعث روک دیا گیا۔ 

کھیل دوبارہ شروع ہوا تو 78 کے مجموعی سکور پر کپتان اظہر علی جیمز اینڈرسن کا شکار بن گئے جو 20 کے ا نفرادی سکور پر روری برنز کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ عابد علی اور بابراعظم نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں مجموعی سکور 102 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر عابد علی بھی ہمت ہار بیٹھے اور 60 کے انفرادی سکور پر سیم کیورین کی گیند پر روری برنز کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ تجربہ کار مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق بھی صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور 11 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کیلئے قومی ٹیم میں کم بیک کرنے والے فواد عالم کھاتہ کھولے بغیر ہی کرس ووکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ 

انگلینڈ کی جانب سے فاسٹ باﺅلر جیمز اینڈرسن سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 35 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سٹورٹ براڈ، سیم کیورین اور کرس ووکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 

واضح رہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے شاداب خان کی جگہ فواد عالم کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، فواد عالم 11 سال بعد ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں، انہوں نے آخری بار 2009 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ دوسری جانب انگلش ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، بین اسٹوکس اور جوفرا آرچر کی جگہ سیم کرن اور زیک کرالی کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔

مزید :

کھیل -Breaking News -