فلم اور ٹیلیوژن کی سینئر اداکارہ دردانہ بٹ 83سال کی عمر میں انتقال کرگئیں 

  فلم اور ٹیلیوژن کی سینئر اداکارہ دردانہ بٹ 83سال کی عمر میں انتقال کرگئیں 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(فلم رپورٹر)فلم اور ٹیلیوژن کی سینئر اداکارہ دردانہ بٹ 83سال کی عمر میں گزشتہ روز انتقال کرگئیں،بعدازاں مرحومہ کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا، مرحومہ کی نماز جنازہ میں اہم شخصیات،شوبز سے وابستہ افراد سمیت اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی 
 وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار،سینئر صوبائی وزیر پنجاب علیم خان،وزیر ثقافت پنجاب خیال احمد کاسترو نے دردانہ بٹ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق9و مئی 1838ء کو لاہور میں پیدا ہونے والی دردانہ بٹ چند روز قبل کوروناوائرس میں مبتلا ہونے کے باعث کراچی کے مقامی ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔طبیعت بگڑ جانے کے بعد ان کو ونٹیلیٹر پر منتقل کیا گیاتھا مگر وہ جانبر نہ ہوسکیں۔دردانہ بٹ کافی عرصے سے کینسر کے عارضہ میں بھی مبتلا تھیں۔مرحومہ نے  درس و تدریس کے علاوہ اپنے فنّی کیرئیر کے دوران لاتعداد ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔وہ بچپن سے ہی انتہائی شرارتی تھیں جس کی وجہ سے ان کورونے دھونے والے کردار ہرگز پسند نہیں تھے۔دردانہ بٹ کے یادگار ڈراموں میں ”تنہائیاں“،”آنگن ٹیڑھا“،”نوکر کے آگے چاکر“،”رانی“،”چھوٹی سی کہانی“،””ڈگڈگی“،”میرا نصیب“،”محبت روٹھ جائے تو“،”پھر چاند پر دستک“،”تنہائیاں نئے سلسلے“،”مذاق رات“،”انتظار“،”میرے چھوٹے میاں“،”تھوڑی سی وفا“،”بیگانگی“،”رانی نوکرانی“اور”رسوائی“شامل ہیں۔پاکستان ٹیلی وژن کے شہرہ آفاق مزاحیہ خاکوں پر مبنی پروگرام ”ففٹی ففٹی“میں بھی ان کے کئی خاکے بے حد پسند کئے گئے۔انہوں نے اپنے کیرئیر میں جن فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ان میں ”ہجرت“،”عشق پوزیٹو“،”بالو ماہی“،”دل دیاں گلاں“،”ڈرائی لیوز“اور ”پرے ہٹ لو“شامل ہیں اس کے علاوہ وہ ”دی شریف شو مبارک ہو“کا بھی حصّہ رہیں۔وزیراعلی عثمان بزدارنے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دردانہ بٹ مرحومہ ایک ورسٹائل فنکارہ تھیں، اللہ تعالی مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔سینٹر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے سینئر اداکارہ دردانہ بٹ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دردانہ بٹ نے ٹیلی ویڑن کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔ فن کے میدان میں دردانہ بٹ کی خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گااللہ تعالٰی مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ اورغمزدہ خاندان کو ہمت عطا فرمائے۔وزیرثقافت پنجاب خیال احمد کاسترونے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دردانہ بٹ مرحومہ ایک اعلی پایہ کی آرٹسٹ  اور بہترین انسان تھیں۔
 دردانہ بٹ 

مزید :

صفحہ اول -