این اے 246 کے ضمنی الیکشن کیلئے عمران خان کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے ضمنی الیکشن کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے ۔
نجی ٹی وی "جیو نیوز "عمران خان کی جانب سے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ، کاغذات نامزدگی پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شکور شاد کو کورننگ امیدوار رکھاگیا ہے ۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے استعفے جمع کرا رکھے ہیں ، گزشتہ دنوں 10 ارکان کے استعفے منظور کئے گئے تھے جن میں سے 9 کی نشست پر انتخابات ہوں گے ۔ عمران خان نے تمام 9 نشستوں پر خود الیکشن لڑنے کا اعلان کر رکھا ہے ۔
خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کے 9 حلقوں سے الیکشن لڑنے کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی جس میں امن ترقی پارٹی پنجاب کے صدرمیاں آصف محمود کی جانب سے عمران خان، وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا تھا ۔ وکیلِ صدر امن ترقی پارٹی پنجاب نے درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ عمران خان نے 9 حلقوں سے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے جبکہ عمران خان ابھی بھی ایم این اے ہیں اور ان کا استعفی منظورنہیں ہوا۔ وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان ایم این اے ہوتے ہوئے الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے۔
لاہور ہائیکورٹ نے درخواست قبل از وقت قرار دیدی تھی ، دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخواست قبل ازوقت ہے،ابھی توکاغذات نامزدگی بھی جمع نہیں ہوئے، آپ نےخدشات کی بنیادپرہی درخواست دائرکردی ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہم درخواست واپس لیناچاہتے ہیں ، عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی تھی۔