پاک فیڈریشن سپین کا 14اگست کےحوالے سے اہم اجلاس ،کمیونٹی سے شرکت کی اپیل
بارسلونا(ارشد نذیر ساحل )پاک فیڈریشن سپین کی ایگزیکٹو کونسل کا ماہانہ اجلاس فیڈریشن کے آفس میں منعقد ہوا جس میں 14 اگست کے پروگرام کی تیاری کے حوالے سے مختلف کمیٹیوں نے ایگزیکٹو کو بریفنگ دی گئی اورتمام کونسلز کی کارکردگی پر بات چیت ہوئی۔
صدر فیڈریشن سپین چوہدری ثاقب طاہر نے مذہبی امور کونسل، سوشل ویلفیئر کونسل، پاک سپین بزنس کونسل، کلچرل کونسل اور یوتھ و ویمن کونسلوں کے کام کو سراہا اور خراجِ تحسین پیش کیا نیز اجلاس میں مستقبل کے اہداف مقرر کیئے گئے۔ اور اُمید کی گئی کہ جشنِ آزادی کے پروگرام کو تمام کونسلز ملکر کامیاب بنائیں گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاک فیڈریشن کی ایگزیکٹو کونسل ایک اہم ادارہ ہے لہٰذا اِس کے ممبران فیڈریشن کو بہتر طریقے سے چلانے کے ذمہ دار ہیں۔ آئیندہ اگر کوئی ممبر کسی خاص مجبوری اور اطلاع کے بغیر مسلسل تین اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا تو یہ عمل فیڈریشن کی ایگزیکٹو کونسل سے لاتعلقی اور عدم دلچسپی کا ثبوت ہو گا۔ چنانچہ اس ممبر کی جگہ کسی دوسرے ممبر فیڈریشن کو ایگزیکٹو کونسل کا حصہ بنا کر اپنی صلاحیتں اور کارکردگی دکھانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔